ایف بی آر کی کے پی کے بلوچستان و گلگت میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں کے خلاف کارروائی سے معذرت

وسائل نہیں ہیں، جب مسلح لوگ سامنے کھڑے ہوں گے نمٹنے کے لیے فورس درکار ہوگی، اجلاس میں ممبر کسٹم کا جواب


Irshad Ansari July 16, 2021
خیبر پختون خوا اور گلگت بلتستان میں یہ گاڑیاں چل رہی ہیں اور کراچی میں نہیں، ایک ملک میں دو قانون کیوں؟ قائمہ کمیٹی (فوٹو : فائل)

ایف بی آر نے بلوچستان، خیبر پختون خوا اور گلگت بلتستان میں بڑی تعداد میں چلنے والی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی سے معذرت کرلی اور کہا ہے کہ جب مسلح لوگ سامنے کھڑے ہوں گے تو ان سے نمٹنے کے لیے فورس کی ضرورت ہوگی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس جمعرات کو کمیٹی کے سربراہ فیض اللہ کاموکا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کمیٹی نے نان کسٹمز پیڈ گاڑیوں کے بارے میں ''ایکسپریس''کی شائع ہونے والی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے ایف بی آر سے تفصیلات طلب کیں۔

نان کسٹمز پیڈ گاڑیوں کے بارے میں روزنامہ ''ایکسپریس'' اور ''ایکسپریس ٹریبیون'' میں شائع ہونے والی خبروں کے تراشوں کو قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی کاروائی کی دستاویزات میں شامل کیا گیا اور آئندہ اجلاس میں ایف آئی اے حکام کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

اجلاس میں ایف بی آر نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے معاملے پر ہاتھ کھڑے کردیئے۔ کسٹمز ایف بی آر کے ممبر نے بتایا کہ کسٹمز محدود وسائل میں کام کرتا ہے ہمارے کئی افسر کوئٹہ میں شہید ہوچکے ہیں، 40 مسلح لوگ جب سامنے ہوں گے تو ہمیں ان سے نمٹنے کے لیے فورس کی ضرورت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہم نے ایسی گاڑیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، ہم نے بلوچستان اور کراچی میں شو رومز کے خلاف کارروائی کی ہے، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی سے اربوں روپے کا ریونیو بھی اکٹھا کیا ہے۔

قائمہ کمیٹی کے رکن امجد خان نیازی نے کہا کہ محکمہ کسٹمز کی مدد کے بغیر این سی پی (نان کسٹم پیڈ) گاڑیاں نہیں چل سکتیں۔ رکن کمیٹی فہیم خان نے کہا کہ خیبر پختون خوا اور گلگت بلتستان میں این سی پی گاڑیاں چل رہی ہیں اور کراچی میں نہیں، بتایا جائے ایک ملک میں دو قانون کیوں؟

ایف بی آر حکام نے کہا کہ یہ معاملہ ایجنڈے سے ہٹ کر ہے اور ہماری تیاری نہیں، امجد خان نیازی نے کہا کہ کمیٹی یا پارلیمنٹ کوئی بھی سوال پوچھ سکتی ہے۔ کمیٹی نے این سی پی گاڑیوں کے معاملے پر موٹر رجسٹریشن اتھارٹی کو طلب کرلیا اور کہا کہ موٹر رجسٹریشن اتھارٹی اور ایف بی آر مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالیں۔

فیصل آباد میں متعدد یارن مرچنٹ گرفتار

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ فیصل آباد میں متعدد یارن مرچنٹ کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا، گرفتاری کے بعد یارن مرچنٹس کو جیل میں ڈال دیا گیا، فیصل آباد میں ایف بی آر کے لوگ لین دین میں ملوث ہیں۔ چئیرمین ایف بی آر نے یارن مرچنٹ کی گرفتاری سے لاتعلقی کا اظہار کیا جس پر کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں ایف آئی اے حکام کو بھی طلب کرلیا۔

500 بے نامی جائیدادیں سامنے آئیں، کیسز صرف 55 پر بننے کا انکشاف

دوران اجلاس بے نامی داروں کے 1 سو 26 کیسز میں کوئی ثبوت نہ ملنے کا انکشاف بھی کیا گیا۔ بے نامی ایجوڈیکیٹنگ اتھارٹی کی جانب سے 5 سو نوٹسز ارسال کیا گئے۔ پانچ سو نوٹسز میں سے صرف 55 کیسز پر ریفرنس بنا، ایف بی آر، ایف آئی اے اور اینٹی نارکوٹکس میں عدم تعاون کا فقدان نظر آیا اور بتایا گیا کہ لوگوں کو تینوں اداروں سے الگ الگ نوٹسز بھیجے جانے کا انکشاف بھی کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں