مالی سال21ء مکانات اور تعمیرات کیلیے قرضے259ارب تک پہنچ گئے

مکانات اور تعمیرات کے قرضوں میں111ارب کا اضافہ ہوا، اہداف کا97فیصد حاصل کر لیا گیا۔


مکانات اور تعمیرات کے قرضوں میں111ارب کا اضافہ ہوا، اہداف کا97فیصد حاصل کر لیا گیا (فوٹو، انٹرنیٹ)

گورنر بینک دولت پاکستان ڈاکٹر رضا باقر نے وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ترقی (این سی سی ایچ سی ڈی) کے گذشتہ روز منعقد ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم کو مکانات اور تعمیرات کے قرضوں میں غیر معمولی نمو سے آگاہ کیا۔

اس اجلاس میں خزانہ، اطلاعات، ایوی ایشن، ماحولیاتی تبدیلی کے وفاقی وزرا ، وزیر مملکت برائے اطلاعات و براڈ کاسٹنگ،چیئرمین این اے پی ایچ ڈی اے،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ، بینکوں کے صدور/سی ای اوز اور اسٹیٹ بینک کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نے ملک میں مکانات اور تعمیرات کے قرضوں کو بڑھانے کے سلسلے میں اسٹیٹ بینک کی کامیاب کوششوں کو سراہا۔ مالی سال21ء میں مکانات اور تعمیرات کے قرضوں میں111ارب روپے کا اضافہ ہوا یا یہ مالی سال20ء کے مقابلے میں75فیصد زائد رہے اور اس طرح یہ آخر جون2021ء تک بڑھ کر259ارب روپے تک پہنچ گئے ۔

مکانات اور تعمیرات کے قرضوں کی مقدار میں ایک سال کے دوران اتنا اضافہ پاکستانی تاریخ میں غیر معمولی ہے۔ اس کے نتیجے میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے30جون2021ء تک کے مقررہ مجموعی اہداف کا97فیصد حاصل کر لیا گیا۔

گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے بتایا کہ تعمیرات اور ہاؤسنگ کے قرضوں میں مضبوط نمو کے علاوہ بینکوں نے ''میرا پاکستان میرا گھر'' کے نام سے مشہور حکومت کی مارک اپ زراعانت اسکیم کے تحت معاشرے کے کم تا وسط آمدنی کے حامل طبقات کو مکانات کے قرضے جاری کرنے شروع کر دیے ہیں۔ معاشرے کے ان اجزا کومکانات کے قرضوں کی فراہمی بھی پاکستانی تاریخ میں غیر معمولی ہے۔ اپریل2021ء میں بینکوں کو میرا پاکستان میرا گھر کے تحت الگ الگ اہداف دیے گئے تھے تا کہ انھیں مکانات کے قرضوں کے اس جز میں نمو کی ترغیب مل سکے۔

نتیجتاً، درخواستوں کی تعداد میں خاصا اضافہ ہو گیا اور درخواستوں میں قرضوں کی رقم مالی سال21ء کی آخری سہ ماہی میں دگنے اضافے سے بڑھ کر111ارب روپے تک پہنچ گئی۔ 30جون2021ء تک بینک 39 ارب روپے کی ہوم فنانسنگ کی منظوری دے چکے ہیں۔

انھوں نے وزیر اعظم کو اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ ان کی جانب سے عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ سہولت بہم پہنچانے کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے تنخواہ دار، کاروباری افراد اور بے ضابطہ آمدنی کے حامل افراد کے لیے ایک صفحے پر مشتمل درخواست فارم بھی وضع کیا گیا ہے تا کہ وہ ہاؤسنگ فنانس کے لیے درخواست دے سکیں یہ فارم آخر جولائی2021 سے انگریزی اور اردو دونوں دستیاب ہوگا۔

میرا پاکستان میر گھر اسکیم کے صارفین کی جانب سے شکایات کے اندراج کے لیے اسٹیٹ بینک کے مکمل وقف آن لائن پورٹل کے علاوہ کمرشل بینکوں نے بھی اسکیم کے متعلق عوام الناس کے سوالات کا جواب دینے کے لیے ایک مشترکہ ہیلپ لائن 24/7 قائم کی ہے۔ میرا پاکستان میرا گھر کے صارفین اس نمبر پر 0-33-77-786-786 ہیلپ لائن سے رجوع کر سکتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں