پاکستان میں کورونا کی بھارتی قسم پھیلنے کا خدشہ ہے اسد عمر

جن لوگوں نے ویکسین نہیں لگوائی وہ سیاحتی مقامات کی طرف نہ جائیں، سربراہ این سی اوسی

سائنسدان فلسفے کی بنیاد پر نہیں حقائق کی بنیاد پر خبردار کررہے ہیں، وفاقی وزیر۔ فوٹو:فائل

سربراہ این سی اوسی اسد عمر کا کہنا ہے کہ بھارتی ویرینٹ پاکستان میں پھیلنے کا خدشہ ہے اور یہ قسم دنیا کی سب سے خطرناک قسم ہے۔

معاون خصوصی صحت فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرسن کرتے ہوئے سربراہ این سی اوسی اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک میں 18سال سے زائد عمر کے ساڑھے 12 کروڑ سے زائد لوگ ہیں، ابھی تک 2 کروڑ 21 لاکھ ویکسین کی خوراکیں لگ چکی ہیں، اور 4 دنوں سے یومیہ ویکسینیشن کی تعداد 5 لاکھ سے زیادہ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ویکسینیشن کرانے والوں کی تعداد انتہائی قلیل ہے، پاکستان میں ، ویکسین نہ لگوانے والے 333 افراد میں ایک شخص کو کورونا ہوا، جب کہ ویکسین کی ایک ڈوز لگوانے والے1250 لوگوں میں ایک شخص کو کورونا ہوا، آپ نے ویکسین نہیں لگوائی تو آپ کو 4 گنا زیادہ خطرہ ہے، سائنسدان فلسفے کی بنیاد پر نہیں حقائق کی بنیاد پر خبردار کررہے ہیں۔


سربراہ این سی او سی کا کہنا تھا کہ کورونا کی بھارتی قسم دنیا کی سب سے خطرناک قسم ہے، جو تیزی سے پھیلتی ہے، بھارتی قسم کے وائرس نے پورے خطے میں تباہی مچائی اور پاکستان میں بھارتی ویرینٹ پھیلنے کا خدشہ ہے، عوام سے ویکسین لگوانے کی درخواست ہے، عید کی چھٹیوں میں احتیاط کی ضرورت ہے، جن لوگوں نے ویکسین نہیں لگوائی وہ سیاحتی مقامات کی طرف نہ جائیں، ویکیسن لگوانے والوں کورونا سے محفوظ ہیں اور انہیں کورونا ہونے پر زیادہ خطرہ نہیں ہوتا۔

معاون خصوصی صحت فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور روزانہ ڈھائی ہزار کے قریب نئے کیسز سامنے آرہے ہیں، قومی سطح پر کورونا پھیلنے کی شرح 6 فیصد سے بڑھ گئی ہے، گلگت میں 22 اور کراچی میں کورونا پھیلنے کی شرح 20 فیصد ہوگئی ہے، ملک بھر میں 1900 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

معاون خصوصی صحت نے کہا کہ بھارتی ڈیلٹا پھیلنے کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے، بھارتی قسم کا پھیلاؤ زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے، ہمسایہ ممالک میں وائرس کے پھیلاؤ سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے، ویکسین نہ لگوانے والوں میں کورونا کے حملے کا خطرہ 7 گنا زیادہ ہے۔

 
Load Next Story