سندھ پولیس قوانین میں ترمیم کا فیصلہ اب ہر کیس میں گرفتاری نہیں ہوسکے گی

صرف سنگین جرائم میں فوری گرفتاری ہوگی بقیہ جرائم میں تفتیش کے بعد ہی ملزم کی گرفتاری کا فیصلہ ہوسکے گا


Staff Reporter July 16, 2021
صرف سنگین جرائم میں فوری گرفتاری ہوگی بقیہ جرائم میں تفتیش کے بعد ہی ملزم کی گرفتاری کا فیصلہ ہوسکے گا (فوٹو : فائل)

سندھ حکومت نے پولیس قوانین میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد اب ہر کیس میں کسی بھی شہری کی گرفتاری ممکن نہیں ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے پولیس رولز میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ قانون کی جانب سے پولیس رولز 26 میں ترمیم کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے اور مسودہ کل وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

محکمہ قانون کے ذرائع کے مطابق ترمیم کے تحت سنگین جرائم کے سوا دیگر عمومی مقدمات میں پولیس مبینہ ملزم کو گرفتار نہیں کرسکے گی، مقدمے کی تفتیش کے بعد ملزم کی گرفتاری کا فیصلہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق مسودے میں 10 سے زائد مختلف دفعات پر نامزد فرد کی گرفتاری نہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پولیس رولز 1934ء میں ترامیم کا مسودہ سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہوگا۔

سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس رول 26 میں ترمیم سے غیر ضروری گرفتاریوں کی حوصلہ شکنی ہوگی، غیر ضروری گرفتاریوں کو روکنے سے جیلوں میں انڈر ٹرائل قیدیوں کی تعداد میں بھی کمی آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔