لوگ پاکستانی ڈراموں میں رونا دھونا دیکھنا پسند کرتے ہیں صنم جنگ

سوشل میڈیا پر میری طلاق کی جھوٹی خبروں کی وجہ سے میں بالکل پریشان نہیں ہوئی، صنم جنگ


ویب ڈیسک July 17, 2021
صنم جنگ نے پاکستانی ڈراموں میں زیادہ تر مثبت کردار ادا کیے ہیں ، فوٹوفائل

اداکارہ اور مارننگ شو کی میزبان صنم جنگ کا کہنا ہے کہ لوگ ڈراموں میں رونے دھونے والے کردار پسند کرتے ہیں۔

بھولے بھالے چہرے والی اداکارہ صنم جنگ نے حال ہی میں اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے اپنی اداکاری اور گھریلو زندگی کے بارے میں بات کی ہے۔ صنم جنگ نے پاکستانی ڈراموں میں زیادہ تر مثبت کردار ادا کیے ہیں۔ تاہم ڈراما سیریل ''قرار'' میں انہوں نے پہلی بار منفی کردار ادا کیا۔

صنم جنگ نے اپنے منفی کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا میں مثبت کردار بہت زیادہ کرچکی تھی لہذا مجھے لگاکہ اب کچھ الگ کرنا چاہئے اس لیے میں نے ڈراما سیریل ''قرار'' کی پیشکش قبول کرلی جس میں میرا کردار ایک خود پسند اور گھمنڈی لڑکی کا تھا۔ خوشی اس بات کی ہے کہ لوگوں نے مجھے منفی کردار میں بھی سراہا۔

صنم جنگ سے جب پوچھا گیا کہ موجودہ دور کے پاکستانی ڈرامو ں کی کہانی یکسانیت کا شکار ہے؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا اگر ڈراموں میں بہت سارا رونا دھونا ہورہا ہے تو اس لیے کہ لوگ یہ رونا دھونا دیکھتے ہیں اور پسند کرتے ہیں۔ ڈراما شائقین، پروڈیوسرز اور چینلز مالکان کو چاہئے کہ وہ اس ٹرینڈ کو بدلیں لیکن اب اگر ریٹنگ ہی ایسے ڈراموں کی آرہی ہے تو کیا کیا جائے۔

گزشتہ برس صنم جنگ کی طلاق کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ اس بارے میں صنم جنگ نے کہا سوشل میڈیا پر میری طلاق کی جھوٹی خبروں کی وجہ سے میں بالکل پریشان نہیں ہوئی۔ بس لوگوں کو مسئلہ تھا کہ میں اپنے شوہر کے ساتھ تصویریں نہیں لگاتی اس لیے طلاق کی خبر اڑادی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں