65 تولے سونا چوری کرنے والے سی آئی اے کے 6 اہلکار گرفتار

اہلکاروں نے چوری شدہ سونا بطور رشوت لے کر ملزمہ حنا کو گرفتار نہیں کیا تھا، ذرائع

اہلکاروں نے چوری شدہ سونا بطور رشوت لے کر چوری کرنے والی ملزمہ کو رہا کردیا تھا، ذرائع۔ فوٹو:ایکسپریس

پولیس نے سی آئی اے کے 6 اہلکاروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 65 تولے سونا بھی برآمد کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر انویسٹی گیشن پولیس نے اسپیشل انویسٹی گیشن (سی آئی اے ) سینٹر میں چھاپہ مار کر 6 افراد کو گرفتار کر لیا، ملزمان پر 80 تولہ سونے کی خوردبرد کا الزام تھا۔


انویسٹی گیشن ایسٹ زون ون کے ایس پی الطاف حسین نے بتایا کہ 24 جون کو گلستان جوہر تھانے کی حدود میں ایک بنگلے میں 80 تولے سونا چوری کی واردات ہوئی تھی، واردات مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں درج ہے۔ پولیس نے تفتیش کے دوران بنگلے میں کام کرنے والی ماسی کو حراست میں لیا تو اس نے انکشاف کیا کہ چند روز قبل ایس آئی یو (سی آئی اے ) سینٹر صدر نے اس کے گھر چھاپہ مار کر سونا برآمد کرلیا تھا اور مبینہ طور پر بھاری رشوت وصول کرنے کے بعد مجھے گرفتار بھی نہیں کیا۔

ملازمہ کے انکشافات کے بعد پولیس نے سی آئی اے صدر میں چھاپہ مار کر پولیس پارٹی کے انچارج ایک سب انسپکٹر ، دو اے ایس آئی اور تین کانسٹیبلوں کو گرفتار کرکے 65 تولہ سونا برآمد کرلیا، جو انھوں نے چوری کرنے والی گھریلو ملازمہ سے برآمد کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار پولیس اہلکاروں میں سب اسپکٹر ممتاز احمد، اے ایس آئی اسراراحمد ، اے ایس آئی محمد عمران، کانسٹیبل آصف، شعیب اور شوکت شامل ہیں، جب کہ جاوید نامی ملزم فرارہے جس کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ 24 جون کو گلستان جوہر میں محمد عرفان نامی شہری کے گھر سے گھریلو ملازمہ حنا 80 تولہ سونا چوری کر کے فرار ہو گئی تھی، سونا چوری ہونےکی واردات کا مقدمہ حنا زوجہ روبن مسیح کے خلاف گلستان جوہر تھانے میں درج کیا گیا تھا، اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے اہلکاروں نے گھریلو ملازمہ کو حراست میں لیا تھا، اور چوری شدہ سونا بطور رشوت لے کر ملزمہ کو رہا کردیا تھا۔ گلستان جوہر انویسٹی گیشن پولیس نے دوران تفتیش سونا چوری کی واردات میں ملوث ملازمہ حںا کو گرفتار کیا تو اس نے بتایا کہ سارا سونا اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے اہلکار جمع کرکے لے گئے ہیں او اس کے بدلے اسے گرفتار بھی نہیں کیا گیا۔
Load Next Story