داسو بس واقعہ چینی کمپنی نے ڈیم پر کام روکنے کا فیصلہ واپس لے لیا

چینی سفیر اور اعلیٰ قیادت کے کہنے پر کمپنی نے دو روز بعد نیا اعلامیہ جاری کردیا


ویب ڈیسک July 17, 2021
چینی سفیر اور اعلیٰ قیادت کے کہنے پر کمپنی نے دو روز بعد نیا اعلامیہ جاری کردیا (فائل : فوٹو)

داسو بس واقعہ کے تناظر میں چینی کمپنی نے اعلیٰ حکام کے کہنے پر داسو ڈیم پر کام روکنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چینی کمپنی غضوبہ نے داسو ڈیم کا تعمیراتی کام روکنے کا اعلامیہ واپس لے لیا اور دو دن بعد نیا اعلامیہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ ڈیم کا کام روکنے اور معاہدے کی معطلی کا اعلامیہ اعلی حکام نے رد کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اپرکوہستان عارف خان یوسف زئی نے کہا ہے کہ چینی کمپنی غضوبہ نے داسو ڈیم کی ٹیم پر حملے کے بعد دو روز قبل تعمیراتی کام روکنے اور تمام پاکستان ملازمین کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کا اعلامیہ جاری کیا تھا لیکن اب چینی سفیر اور دیگر حکام نے کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عارف یوسف زئی کے مطابق چینی سفیر نے یقین دلایا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا ساتھ ہی چینی سفیر نے تحقیقاتی کمیشن پر اطمینان کا اظہار بھی کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : داسو واقعے کی تحقیقات تکمیل کے قریب ہے، وزیرداخلہ

 

قبل ازیں سی جی جی سی کمپنی نے کام روکنے سے متعلق اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمپنی نے تمام مقامی ملازمین کے ساتھ معاہدہ بھی ختم کردیا گیا ہے، کمپنی چند روز میں ملازمین کی تنخواہ ادا کردے گی۔

علاوہ ازیں داسو واقعے کی تحقیقات کے لیے چینی تحقیقاتی ٹیم داسو پہنچ گئی۔ تحقیقاتی ٹیم 8 افراد پر مشتمل ہے جسے چار ہیلی کاپٹرز کے ذریعے داسو پہنچایا گیا جہاں سے وہ براستہ شاہرہ قراقرم جائے وقوع پہنچی۔ تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ چینی سفیر اور متاثرہ کمپنی کے سی ای او بھی موجود ہیں۔

یہ پڑھیں: داسو ڈیم کے عملے کی بس کو حادثہ؛ 9 چینی باشندوں سمیت 13 افراد جاں بحق

چینی تحقیقاتی ٹیم جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہے جس کے بعد بریفنگ بھی دی جائے گی۔ تحقیقاتی ٹیم کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔