راولپنڈی میں خاتون کے قتل کا ڈراپ سین شوہر ہی قاتل نکلا

ایس ایچ او صدر بیرونی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مقدمے کی تفتیش کرتے ہوئے قتل میں ملوث مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کرلیا


ویب ڈیسک July 17, 2021
ایس ایچ او صدر بیرونی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مقدمے کی تفتیش کرتے ہوئے قتل میں ملوث مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔(فوٹو:ایکسپریس)

راولپنڈی میں شادی شدہ خاتون کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا، شوہر نے بیوی کوقتل کرنے کے بعد واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کےعلاقے قائد اعظم کالونی میں شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا اور بیوی کے قتل کا الزام بھی ڈاکوؤوں پر دھر دیا تھا۔ پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرکے شوہر سے تفتیش کی تو اس نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

ایس پی صدر کا اس بارے میں کہنا ہے کہ 12 روز قبل قائد اعظم کالونی کے گھر میں شادی شدہ خاتون کو پراسرار طور پر قتل کیا گیا، مقتولہ کے شوہر ارشد فیاض نے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا تھا، پولیس نے خاتون کے قتل کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں درج کیا تھا، پولیس نے تفتیش کا آغاز مقتولہ کے شوہر سے کیا جس نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے اپنی بیوی کو گھریلو جھگڑے سے تنگ آکر گولی ماری اور پھرچھریوں کے وار کرکے قتل کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزم راشد فیاض آلہ قتل پستول اور چھری برآمد کرلی ہے۔ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ جب کہ سی پی او محمد احسن یونس کی طرف سے کیس کو فوراً حل کرنے پر ایس پی صدر، ایس ایچ او اور پولیس ٹیم کو شاباش دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں