آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات کےلیے پولنگ کا پہلا مرحلہ جاری

انتخابی فرائض انجام دینے والے 27 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں


ویب ڈیسک July 18, 2021
سرکاری ملازمین کے ووٹ 25 جولائی کے الیکشن کے بعد ووٹوں کی گنتی کے دوران شمار کیے جائیں گے فوٹو: فائل

آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے 33 حلقوں میں پولنگ کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت 27 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے 33 حلقوں میں پولنگ کا پہلے مرحلہ جاری ہے، الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسروں کے دفتروں کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا ہے، الیکشن ڈیوٹی پر مامور تمام سرکاری ملازمین کو اپنے اپنے حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے قائم کیے گئے پولنگ اسٹیشن پر جا کر ووٹ ڈالنے کی ہدایت کی گئی ہے، جہاں انتخابی ڈیوٹی پر مامور کیے گئے 27 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔ اس طرح آزاد کشمیر کے 33 انتخابی حلقوں میں پولنگ ڈیوٹی پر مامور5114 پریزائیڈنگ آفیسر، 7336 پولنگ آفیسر اور 14672 پولنگ اسسٹنٹ اپنا اپنا ووٹ پول کررہے ہیں۔

دوسری جانب الیکشن کے دوران سیکیورٹی اور امن وامان کو قائم رکھنے کے لئے تعینات کیے گئے پولیس اہلکار متعلقہ ایس ایس پی کی طرف سے فراہم کی گئی فہرست کے مطابق پوسٹل بیلٹ پیپر حاصل کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ سرکاری ملازمین کے ووٹ 25 جولائی کے الیکشن کے بعد ووٹوں کی گنتی کے دوران شمار کیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔