کوپا امریکا میسی کا ارجنٹائن کیلئے پہلا ٹائٹل

انگلش ارمانوں کا خون، اٹلی یورپیئن فٹبال کا حکمران


Abdul Aziz July 18, 2021
انگلش ارمانوں کا خون، اٹلی یورپیئن فٹبال کا حکمران۔ فوٹو: رائٹرز

GENEVA: گذشتہ چند ہفتے عالمی فٹبال میں سرگرمیاں عروج پر اور شائقین کی نظریں میدانوں پر جمی رہیں، دنیا کے دو براعظموں میں بیک وقت علاقائی چیمپئن بننے کی دوڑ لگی، جنوبی امریکن فٹبال باڈی کے زیراہتمام کوپا امریکا 2021 کا میلہ سجایا گیا۔

ارجنٹائن نے میزبان برازیل کو 0-1 سے شکست دیکر 28 برس بعد ٹائٹل اپنے نام کرلیا، بارسلونا کے لیے بے شمار ٹرافیز جیتنے والے لیونل میسی نے ملکی ٹیم کے لیے پہلی بار کوئی عالمی اعزاز حاصل کیا، اس سے قبل ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن کو جرمنی نے شکست سے دوچار کیا تھا اور میسی نے ٹائٹل جیتنے کا یہ موقع کھودیا تھا اس کے بعد اگرچہ انہوں نے بین الاقوامی فٹبال کو خیرباد کہنے کا ذہن بنایا لیکن پھر انھوں نے ارادہ بدل دیا اور اب کوپا امریکا کی صورت انھیں اپنے خواب کی تعبیر حاصل ہوگئی۔

میسی اپنے منفرد کھیل کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہیں، پاکستان میں ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے، کوپا امریکا کی کامیابی کے بعد کراچی کے علاقے ملیر میں ان کے چاہنے والوں نے اپنے طور پر جشن بھی بنایا۔

کوپا امریکا 2021 ابتدا سے مسائل کا شکار رہا، ابتدا میں اس کی میزبانی سے کولمبیا اور ارجنٹائن نے مشترکہ طور پر کرنا تھی ، یورو فٹبال چیمپئن شپ کی طرح کورونا کی وجہ سے یہ ایونٹ بھی ایک برس تاخیر سے منعقد کیاگیا،پہلے پہل کولمبیا نے میزبانی سے معذرت کی اور پھر ارجنٹائن بھی کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے پیچھے ہٹ گیا، اس کے بعد کوپا امریکا کے 47 ویں ایڈیشن کی میزبانی برازیل کو سونپ دی گئی ،جہاں یہ ایونٹ 13 جون سے10 جولائی تک منعقد کیاگیا، 1991 کے بعد یہ پہلا موقع رہا جب کوپا امریکا میں کسی مہمان ٹیم کو مدعو نہیں کیا جاسکا، ایونٹ میں شریک 10 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

برازیل کے چار شہروں کے 5 اسٹیڈیمز میں میچز ہوئے، ارجنٹائن نے مجموعی طور پر15 ویں بار کوپا امریکا کی ٹرافی اپنے قبضے میں کی، کولمبیا نے پیرو کو مات دیکر تیسری پوزیشن پر اکتفا کیا، مجموعی طور پر 28 میچز میں 65 گول اسکور ہوئے، لیونل میسی اور لوئس ڈیاز 4، 4 گول داغ کرٹاپ اسکورر بنے، میسی کو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی جبکہ ایمیلیانو مارٹینز کو بہترین گول کیپر چناگیا، فیئر پلے ایوارڈ کی حقدار برازیلین ٹیم قرار پائی۔

دوسری جانب یورو فٹبال چیمپئن شپ 2020 کی ٹرافی اٹلی نے نام کرلی، ویمبلے میں منعقدہ فائنل میں میزبان انگلینڈ کو پنالٹیز پر شکست کا سامنا رہا، فائنل نہایت دلچسپ اور سنسنی خیز رہا، اگرچہ انگلینڈ نے پہلے گول داغ کر برتری حاصل کی لیکن پھر اٹلی نے مقررہ وقت میں مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا، اضافی ٹائم میں بھی یہی اسکور لائن برقرار رہی تھی،دوران ایونٹ دفاعی چیمپئن پرتگال پری کوارٹر فائنل کا مہمان ثابت ہوا، موجودہ ورلڈ چیمپئن فرانس کا سفر بھی اسی مرحلے پر تمام ہوگیا۔

فیفا عالمی رینکنگ میں سرفہرست بیلجیئم کی ٹیم کوارٹر فائنل سے باہر ہوگئی، اسپین کی ٹیم کو اٹلی نے سیمی فائنل میں ٹھکانے لگایا جبکہ ڈنمارک کا قصہ انگلینڈ نے فائنل فور میں تمام کردیا، کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر ایک برس تاخیر کا شکار ایونٹ یورو اگرچہ 2021 میں منعقد کیاگیا لیکن ایونٹ کا آفیشل نام یورو 2020 ہی برقرار رکھا گیاہے، یورپیئن فٹبال گورننگ باڈی یوئیفا نے 2020 کا ایونٹ کسی ایک یا دو ملک میں منعقد کرانے کی بجائے اسے خطے کے 11مختلف ممالک میں منعقد کرایا، مجموعی طور پر 24 ٹیموں نے شرکت کی، 46 میچز ہیں، پرتگالی اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو 5 گول داغنے پر گولڈن بوٹ کی ٹرافی سے نوازا گیا۔

فائنل کے بعد انگلش شائقین نے انتہائی بدنظمی کا مظاہرہ کیا اور ویمبلے گراؤنڈ کے باہر کے مناظر سوشل میڈیا پر ان کا منہ چڑاتے رہے، اس موقع پر ہونے و الی ہنگامہ آرائی میں پولیس افسران بھی زخمی ہوئے جبکہ دوسری جانب اطالوی ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا، گذشتہ دنوں اٹالین صدر سرجیو میٹریلا نے یورو فٹبال چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیم کو ملکی اعزازات سے نوازا، کوچ روبرٹو مانسینی کو میرٹ آف دی اٹالین ری پبلک دیاگیا، اٹالین فٹبال چیف گیبریلا گریوینا کو ''گرانڈ آفیسر آف دی ری پبلک'' دیاگیا، کپتان جورجیو چینیلی کو '' آفیسر '' کا اعزاز ملا جبکہ ان کی ٹیم کے دیگر ممبران کو " کیویلری" نامی اعزازات سے نوازا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں