مشی خان کا چار بچوں کی ماں کے قاتل کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ

میرا پاکستانی قوانین اور انصاف سے بھروسہ اٹھ گیا ہے، اداکارہ مشی خان


ویب ڈیسک July 18, 2021
میرا پاکستانی قوانین اور انصاف سے بھروسہ اٹھ گیا ہے، اداکارہ مشی خان فوٹوفائل

اداکارہ مشی خان نے حیدرآباد میں قتل ہونے والی چار بچوں کی ماں کو انصاف دلوانے کے لیے آواز اٹھائی ہے اور خاتون کے قاتل کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

گزشتہ روز حیدرآباد کے رہائشی عمر میمن کو اپنی بیوی قرۃ العین عرف عینی پرمبینہ تشدد کرنے اور جان سے مارنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، قرۃالعین چار بچوں کی ماں تھی۔

مقتولہ قرۃ العین کے شوہر کی گرفتاری کے بعد''جسٹس فار قرۃالعین'' کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہا ہے اور لوگ قرۃالعین کے لیے انصاف کا تقاضہ کررہے ہیں۔ اداکارہ مشی خان نے بھی مقتولہ کوانصاف دلوانے اور قاتل کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مشی خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک اور دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ قرۃالعین نامی خاتون کو ان کے شوہر نے پہلے بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اسے جان سے ماردیا۔ ان کے چار بچے ہیں اور یہ واقعہ بچوں کے سامنے ہی ہوا ہوگا۔

اداکارہ مشی خان نے پاکستان میں قانونی نظام کو کمزور قرار دیتے ہوئے کہا یہاں کسی کو کوئی سزا نہیں ملتی۔ میرا تو انصاف اور قانونی نظام سے بھروسہ ہی اٹھ گیا ہے۔ کیونکہ روز اس طرح کے واقعات ہوتے ہیں لیکن کسی کو سزا دے کر دوسروں کے لیے مثال نہیں بنایا جاتا لہذا لوگ جرائم کرنے سے ڈرتے نہیں ہیں۔

مشی خان نے پاکستان میں تفتیشی نظام کو بھی کمزور قرار دیا اور کہا کیونکہ گرفتار ہونے والا شخص بااثر ہے لہذا وہ گرفتار تو ہوگیا ہے لیکن اسے سزا نہیں ہوگی اور وہ بری ہوجائے گا۔

اداکارہ مشی خان نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا اس واقعے نے مجھے بہت دکھی کردیا ہے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا قاتل کو سزا دیں ورنہ یہ ملک جنگل بن جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں