امید ہے افغان حکومت سفیرواپس بلانے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے گی دفتر خارجہ

سیکریٹری خارجہ نے آج افغانستان کے سفیر سے ملاقات میں انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، دفتر خارجہ


ویب ڈیسک July 18, 2021
سیکریٹری خارجہ نے آج افغانستان کے سفیر سے ملاقات میں انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، دفتر خارجہ(فوٹو:فائل)

پاکستان نے افغانستان کی جانب سے پاکستان سے اپنے سفیر اور سینئر سفارت کاروں کو واپس بلانے کے فیصلے کو بدقسمتی اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سفیر کی بیٹی کے اغوا اور حملے پر اعلی سطح پر تحقیقات کی جارہی ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے افغان سفیر کو واپس بلائے جانے کے فیصلے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سفیر کو اچانک واپس بلانے پرتعجب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پرافغان سفیرکی بیٹی کامقدمہ درج کیاگیا، پاکستان اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہا ہے، افغان سفیریہاں رہ کر تحقیقات میں تعاون کریں۔ افغانستان کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیئے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان کےامن میں مسلسل رکاوٹیں ڈال رہاہے، افغانستان ایک طرف ہم پرالزام لگا رہا ہے تو دوسری طرف تعاون مانگ رہاہے۔

یہ بھی پڑھیئے: افغان سفیر کی بیٹی کا مبینہ اغوا، وزیراعظم کا ملزمان کو 48 گھنٹوں میں پکڑنے کا حکم

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم حکومتِ افغانستان کی جانب سے اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کی امید رکھتے ہیں۔ اور افغانستان کی جانب سے پاکستان سے اپنے سفیر اور سینئر سفارت کاروں کو واپس بلانے کے فیصلے کو بدقسمتی اور افسوسناک سمجھتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سفیر کی بیٹی کے اغوا اور حملے پر وزیر اعظم کی زیرہدایت اعلی سطح پر تحقیقات کی جارہی ہے۔ جب کہ سفیر ان کے اہل خانہ اور افغان قونصل خانے کے دیگرعملے کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: افغان صدرنے اسلام آباد میں متعین اپنے سفیرکو واپس بلالیا

ترجمان نے مزید کہا کہ سیکریٹری خارجہ نے آج افغانستان کے سفیر سے بھی ملاقات کی، حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے تمام اقدامات پر روشنی ڈالی اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم حکومتِ افغانستان کی جانب سے اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کی امید رکھتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں