پاکستان میں ای سپورٹس ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ

اس گیم میں ایک کروڑ روپے کے انعامات ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات


Sports Reporter July 19, 2021
اس گیم میں ایک کروڑ روپے کے انعامات ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں ای سپورٹس کے فروغ کے حوالے سے "گیرینا" کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا جس کے تحت ملک میں پہلی مرتبہ ای سپورٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ قومی سطح پر ای سپورٹس کا انعقاد خوش آئند ہے، پاکستانی بچے بھی ای سپورٹس میں حصہ لے کر کروڑ پتی بن سکتے ہیں، فری فائر ای سپورٹس ٹورنامنٹ میں 567 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ای سپورٹس کے انعقاد کے لئے "گیرینا" کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے اور پاکستان پہلی مرتبہ ای سپورٹس میں داخل ہو رہا ہے۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شہیرہ شاہد نے گیرینا کے ساتھ اس ضمن میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ۔ گیرینا دنیا کی مشہور کمپنی ہے جو بیگو کے تعاون سے پاکستان میں پہلی مرتبہ فری فائر قومی ٹورنامنٹ منعقد کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس گیم میں ایک کروڑ روپے کے انعامات ہیں، جیتنے والی ٹیم عالمی سطح پر ہونے والے مقابلے میں حصہ لے سکے گی جس میں دو ملین ڈالر کے انعامات ہیں، کھیلوں میں دلچسپی رکھنے والے بچوں کے پاس موقع ہے کہ وہ 12 سال کی عمر میں کروڑ پتی بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو گیمز کی مجموعی مارکیٹ 200 بلین ڈالر عبور کر چکی ہے، ای سپورٹس کی طرف ہم نے بڑا قدم اٹھایا ہے اور ہمارے بچے بھی ای سپورٹس میں حصہ لے سکیں گے۔ فری فائر پاکستان میں پہلا ای اسپورٹس ٹورنامنٹ ہے۔ پاکستان میں 567 ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی جس میں ایک کروڑ روپے کے انعامات ہیں، اس ٹورنامنٹ سے ای سپورٹس کو فروغ ملے گا،

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ دنیا کی بڑی کمپنیاں بھی اس پول میں آئیں گی، پاکستانی نوجوانوں کو ای سپورٹس کی صورت میں ایک بڑا موقع میسر آ رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں