اذلان شاہ ہاکی فیڈریشن نے حکومت سے گرانٹ کی درخواست کردی

10روز میں رقم مل گئی تو کیمپ لگا کر ٹریننگ کا سلسلہ شروع کر دیں گے، آفیشل

پی ایچ ایف کا خزانہ خالی ہو چکا جس کی وجہ سے کھیل کے معاملات متاثر ہو رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے حکومت سے خصوصی گرانٹ کی اپیل کر دی۔

یاد رہے کہ پی ایچ ایف کا خزانہ خالی ہو چکا جس کی وجہ سے کھیل کے معاملات متاثر ہو رہے ہیں، فیڈریشن حکام کو خدشہ ہے کہ پیسوں کی عدم دستیابی کے سبب پاکستانی ٹیم31برس بعد اذلان شاہ ٹورنامنٹ کا حصہ نہیں بن سکے گی،گرین شرٹس1983 سے 2013 تک مسلسل اذلان شاہ ٹورنامنٹ کا حصہ بنے ہیں،ٹیم کو اب تک3 بار چیمپئن رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، فیڈریشن آفیشل کا کہنا ہے کہ ہم کا حکومت کو خط میں لکھاکہ مکمل فنڈز کے بجائے پہلے مرحلے میں کم از کم اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے لیے ہی کچھ رقم جاری کر دی جائے، اگرآئندہ10روز تک گرانٹ مل گئی تو ہنگامی بنیادوں پر کیمپ لگا کر کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا سلسلہ شروع کر دیں گے، مزید تاخیر کی صورت میں شرکت نہیں کریں گے، بغیر تیاری کے شرکت کرنے کی صورت میں قومی ٹیم کی ایونٹ میں کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے جس کا ذمہ دار پی ایچ ایف کو ٹھہرایا جائے گا۔




دریں اثنا قومی ٹیم کے کوچ طاہر زمان اور گول کیپر سلمان اکبر نے پی ایچ ایف کے سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم سے اپیل کی ہے کہ ہاکی کے معاملات چلانے کیلیے فیڈریشن کو فوری گرانٹ دی جائے۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے طاہر زمان نے کہا کہ فیڈریشن کو کھیل کے منصوبوں پر عملدرآمد کیلیے پیسے کی ضرورت ہے، خزانہ خالی ہونے کی وجہ سے نہ ہی کوئی کیمپ لگ رہا ہے اور اذلان شاہ میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ سلمان اکبر نے کہا کہ حکومتی مالی اعانت کے بغیر ہاکی کے معاملات چلانا ممکن نہیں،ایونٹس میں شرکت نہ کرنے سے پاکستان کی 2016 اولمپکس کے کوالیفائنگ راؤنڈ ایشین گیمز کی تیاری بھی متاثر ہورہی ہے۔
Load Next Story