ورلڈ ٹوئنٹی20 آفیشلزکا اعلان‘علیم ڈار اور اسد بھی موجود

نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کے ابتدائی مقابلے میں میچ ریفری گریم لا بروئے ہوں گے


Sports Desk September 10, 2012
ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچز میں ذمہ داری پانے والے 12 امپائرز میں پاکستان کے علیم ڈار اور اسد رئوف بھی شامل ہیں۔ فوٹو : فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچز کیلیے آفیشلزکا اعلان کردیا۔

میگا ایونٹ میں ذمہ داری پانے والے 12 امپائرز میں پاکستان کے علیم ڈار اور اسد رئوف بھی شامل ہیں، دونوں آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے میچ میں ایک ساتھ امپائرنگ کریں گے، نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کے ابتدائی مقابلے میں میچ ریفری گریم لا بروئے ہوںگے، بروس آکسنفورڈ اور میرس ایراسمس آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داری نبھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے 18 ستمبر سے شروع ہونے والے مینز ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ اور 26 ستمبر سے شیڈول ویمنز ایونٹ کیلیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا، میچ ریفری کی ذمہ داریاں رنجن مدوگالے (سری لنکا)، جیف کرو (نیوززی لینڈ) اور گریم لابروئے (سری لنکا ) نبھائیں گے، گریم لابروئے کا تعلق آئی سی سی پینل آف ریجنل ریفریز سے ہے وہ پالے کیلی میں دو میچز میں ذمہ داری انجام دینے کے بعد گال چلے جائیں گے جہاں پر وہ ویمنز ایونٹ کے گروپ مقابلوں میں میچ ریفری ہوںگے۔

12 امپائرز میں علیم ڈار اور اسد رئوف کے علاوہ بلی بائوڈن، اسٹیو ڈیوس، کمار دھرماسینا، میرس ایراسمس، ای ین گولڈ، ٹونی ہل، رچرڈ کیٹل برو، نانیجل لونگ، سائمن ٹفل،روڈ ٹکر اوربروس آکسنفورڈ شامل ہیں۔ 19 ستمبر کو آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ میں علیم ڈارآن فیلڈ جبکہ اسد رئوف تھرڈ امپائر ہوںگے۔

پاکستان کا میگا ایونٹ میں پہلا مقابلہ 23 ستمبر کونیوزی لینڈ سے ہوگا جس کے میچ ریفری گریم لا بروئے جبکہ آن فیلڈ امپائرزبروس آکسنفورڈ اور میریس ایراسمس ہوںگے، تھرڈ اور فورتھ امپائرز بالترتیب نجل لونگ اوربلی بائوڈن ہوں گے، اسی طرح 25 ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول پاکستان کے دوسرے میچ میں میچ ریفری جیف کرو جبکہ ای ین گولڈ اور اسٹیو ڈیوس آن فیلڈ امپائرز، روڈ ٹکر اور کیٹل برو تیسرے اور چوتھے امپائرز ہوں گے۔

17 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان براہ راست نشر ہونے والے وارم اپ میچ میں نانیجل لونگ اور بلی بائوڈن آن فیلڈ امپائرز، رینمورے مارٹنیز تھرڈ اور ساگارا گالیگے فورتھ امپائر ہوںگے۔19 ستمبر کو پاکستان کے دوسرے وارم اپ مقابلے میں رینمورے اور ٹی ایچ وجے وردنے آن فیلڈ اور روچیرا پالے گرو تھرڈ امپائر ہوںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں