کورونا میں عید قرباں پر بیروزگاروں کو عارضی روزگار مل گیا

شہر بھر میں جانوروں کے چارے و سجاوٹی اشیا کے عارضی اسٹال لگ گئے۔


عامر خان July 21, 2021
اسٹال مالک ہول سیل پر چارہ خرید کر 20 فیصد منافع رکھ کر فروخت کرتے ہیں۔ فوٹو : پی پی آئی

کورونا کی وبائی صورتحال میں عیدالاضحی نے بہت سے بے روزگار افراد کو اپنے خاندانوں کی کفالت کے لیے عارضی روزگار فراہم کر دیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں جانوروں کی خوراک میں استعمال ہونے والے چارے اور سجاوٹ کے عارضی اسٹال قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں 24 گھنٹے جانوروں کی خوراک اور سجاوٹ کا سامان فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس

کام سے عارضی طور پر منسلک نوجوان راشد احمد نے بتایا کہ عیدالاضحی پر شہر کے تمام علاقوں، شاہراہوں، محلوں اور گلیوں میں جانوروں کے چارے اور سجاوٹ کی اشیا کے عارضی اسٹال لگ گئے ہیں جو عیدالاضحی سے ایک ہفتہ قبل قائم کیے گئے تھے ان اسٹالوں پر جانوروں کے چارے اور سجاوٹ کا سامان کی فروخت کا سلسلہ عید کے تیسرے دن تک جاری رہے گا۔

جانوروں کی خوراک اور سجاوٹ کے عارضی کاروبار کے سبب سیکڑوں بے روزگار نوجوان کو عارضی روزگار کے مواقع حاصل ہوئے ہیں، ہزاروں نوجوان روزانہ اجرت پر ان اسٹالز پر ملازمت کر رہے ہیں اور انھیں 12 گھنٹے کام کرنے پر یومیہ 800 سے 1000 روپے اجرت ملتی ہے۔

قربانی کے جانوروں کی خوراک میں تھل ، چوکر ، دانہ ، بھوسہ ، ،مکئی ، گیہوں ، جو ، ہرا چارہ ، سوکھا چارہ ، کٹا چارا ( گڈی ) ، چنے کا چلکا ، بھوسی اور دیگر اشیا استعمال ہوتی ہیں، چارے کی ہول سیل منڈی لی مارکیٹ پر قائم ہے۔

اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہول سیل قیمتوں پر جانوروں کی خوراک کی اشیا فروخت کی جارہی ہیں ہول سیل پر خریدنے کے بعد یہ اشیا مقامی اسٹالوں پر 15 سے 20 فیصد منافع رکھ کر فروخت کر دی جاتی ہیں، گزشتہ عیدالاضحی کی نسبت رواں برس جانوروں کی قیمتوںمیں اضافے کے بعد ان کی خوراک میں استعمال ہونے والی اشیا کی قیمتوں میں 15 سے 20 فیصد یا اس سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اس عید الاضحی پر تھل 50 سے 55 روپے فی کلو ، چوکر 35 سے 45 روپے فی کلو ، دانہ 45 سے 55 روپے فی کلو ، بھوسی 35 سے 45 روپے فی کلو ، بھوسہ 30 سے 45روپے فی کلو ، جو 55 سے 65 روپے فی کلو ، گیہوں 60 سے 65 روپے فی کلو ، ہرا چارہ 25 سے 30 روپے فی کلو ، ہری گھانس 20 روپے فی کلو ، سوکھی گھاس 25 سے 30 روپے کلو ، چنے کا چھلکا 55 سے 65 روپے فی کلو ، بڑے جانور کا مکس چارہ 70 سے 80 روپے فی کلو ، چھوٹے جانور کا سوکھا مکس چارہ 65 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

چھوٹی چٹائی 300، درمیانی 400 اور بڑی 800 روپے میں فروخت

عیدالاضحی قریب آتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد نے ٹوکریوں اور چٹائیوں کی خریداری کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ شہر کے مختلف مقامات پر ان ٹوکریوں اور چٹائیوں کی فروخت کے عارضی اسٹالز قائم ہوگئے ہیں اس کام سے وابستہ نوجوان امیر علی نے بتایا کہ کم سے کم سائز کی چھوٹی چٹائی 300 روپے یا اس سے زائد ، درمیانے سائز کی چٹائی 400 روپے یا اس سے زائد اور بڑے سائز کی چٹائی 800 روپے یا اس سے زائد تک میں فروخت ہورہی ہے۔ یہ چٹائیاں اور ٹوکریاں عارضی باڑے والے بھی فروخت کررہے ہیں۔

مختلف اقسام اور سائز کی ٹوکریاں 150 سے 300 روپے یا اس سے زائد تک میں فروخت کی جارہی ہیں، چٹائیوں پر جانور قربان کرنے کے بعد ان کا گوشت رکھ کر ان کو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جبکہ ٹوکریاں گوشت کی ترسیل میں استعمال ہوتی ہیں۔

زیادہ تر ٹوکریاں اور چٹائیاں اجتماعی قربانی کرنے والے افراد اور فلاحی ادارے خریدتے ہیں اس کے علاوہ جانوروں کو ذبح کرنے اور گوشت بنانے میں استعمال ہونے والی اشیا کی قیمتوںمیں بھی 15 سے 20 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے مختلف اقسام کی چھریاں300 روپے سے لے کر 800 روپے یا اس زائد ، بغدا 1200 روپے سے 2 ہزار یا اس سے زائد اور لکڑی مڈی 100 روپے فی کلو کے حساب سے کم سے کم 500 یا اس سے زائد میں فروخت ہو رہی ہے۔

شہریوں کی بڑی تعداد گوشت بنانے کے لیے پہلے سے خریدی گئی چھریوں اور دیگر ساز و سامان کو تیز کرانے کے لیے آلات پر دھار لگانے والوں سے رجوع کر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں