شہری کو رقم ڈبل کرنے کا جھانسہ دے کر 5 ہزار ڈالر ہتھیانے والا افریقی گرفتار

ملزم کے قبضہ سے کالے رنگ کے کاغذ برآمد ہوئے جن سے وہ لوگوں کو ڈالر بنانے کا جھانسہ دے رہا تھا، ایف آئی اے


ویب ڈیسک July 20, 2021
ملزم کے قبضہ سے کالے رنگ کے کاغذ برآمد ہوئے جن سے وہ لوگوں کو ڈالر بنانے کا جھانسہ دے رہا تھا، ایف آئی اے (فوٹو : ایف آئی اے)

ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے سادہ لوح شہری کو ڈالر بنا کر دینے کا جھانسہ دے کر 5 ہزار ڈالر ہتھیانے والے افریقی باشندے کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔


حکام کے مطابق ارسلان الیاس نامی شہری نے ایف آئی اے کو دی جانے والی درخواست میں بتایا کہ ڈامس عرف سیٹھی نے جو افریقی ملک کیمرون کا باشندہ ہے اس نے 5 ہزار ڈالر ہتھیا لیے، جن کے بدلے ملزم نے کالے رنگ کے کاغذ بطور 10 ہزار ڈالر دیے، ملزم لوگوں کو کالے ڈالر صاف کرکے مارکیٹ میں چلانے کا جھانسہ دے رہا ہے۔


شکایت ملنے پر ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون وقار چوہان نے ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کو کارروائی کی ہدایات دی اور ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کی ٹیم نے ابتدائی چھان بین کے بعد چھاپہ مار کر ملزم ڈامس عرف سیٹھی کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے کالے رنگ کے کاغذ برآمد کرلیے جن سے وہ لوگوں کو ڈالر بنانے کا جھانسہ دے رہا تھا۔


ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ملزم سے کیمیکل اور جعلی ٹریولر چیکس سمیت شہری ارسلان الیاس کی ہتھیائی گئی رقم بھی برآمد کرلی گئی، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کے تفتیش شروع کردی گئی ہے جس سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں