دوسرا ٹی 20 انگلش ٹیم جنوبی افریقی حصار توڑنے کیلیے پرعزم

روی بوپارا کی چھٹی کا امکان‘ اسپنر ڈینی برگز کو میدان میں اتارنے کی تیاریاں


Sports Desk September 10, 2012
جنوبی افریقی ٹیم کی نگاہیں سیریز اپنے نام کرنے پر مرکوز ہوچکیں، پہلے میچ کی فاتح الیون میں تبدیلی متوقع نہیں ہے. فوٹو: رائٹرز

انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹوئنٹی 20 میچ پیر کو اولڈ ٹریفورڈ پر ہوگا۔

انگلش ٹیم پروٹیز کے حصار توڑنے کیلیے پرعزم ہے، آئوٹ آف فارم روی بوپارا کی چھٹی کا امکان ہے، لیفٹ آرم اسپنر ڈینی برگز کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے، ادھر جنوبی افریقی ٹیم کی نگاہیں سیریز اپنے نام کرنے پر مرکوز ہوچکیں، پہلے میچ کی فاتح الیون میں تبدیلی متوقع نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹوئنٹی 20 میچزکی سیریز میں انگلش ٹیم 0-1 کے خسارے کا شکار ہے، پیر کے میچ میں ناکامی کی صورت میں سیریز اس کے ہاتھ سے نکل جائے گی اس کا براہ راست اثر ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ان کے اعتماد پر ہوگا۔

کپتان اسٹورٹ براڈ بھی اس بات سے اچھی طرح واقف اور وہ سیریز میں واپسی کا موقع گنوانا نہیں چاہتے ہیں، اس لیے ٹیم میں ردوبدل کا امکان ہے۔ پہلے میچ میں انگلش ٹیم کو 7 وکٹوں سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا، میزبان بیٹسمین بہتر کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے تھے خاص طور پر روی بوپارا کی ناکامی سب کی نگاہوں میں کھل رہی ہے اس لیے ان کو دوسرے مقابلے میں باہر بیٹھائے جانے کا امکان ہے، ان کی جگہ لیوک رائٹ کو موقع دیا جائے گا جبکہ لیفٹ آرم اسپنر ڈینی برگز کو بھی میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔

انگلش ٹیم مینجمنٹ اپنے لورآرڈر کو کمزور نہیں کرنا چاہتی اس لیے برگز کیلیے اسٹیون فن یا پھر جیڈ ڈیرن بیچ کو باہر بیٹھنا پڑسکتا ہے۔ جنوبی افریقہ کو ان فارم ہاشم آملا کی خدمات حاصل ہونے کے باوجود وننگ کمبی نیشن سے چھیڑ چھاڑ کا امکان کم ہے، سینئر بیٹسمین کو بدستور باہر بیٹھنا پڑسکتا ہے، کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز جیک کیلس کی پرفارمنس سے خوش ہیں،اولڈ ٹریفورڈ میں انگلینڈ کبھی بھی کوئی ٹوئنٹی 20 میچ نہیں ہارا تاہم یہاں پرآسٹریلیا کیخلاف 2009 میں کھیلے گئے دو میچز موسم سے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں