نامور صحافی عارف نظامی انتقال کر گئے

عارف نظامی 2013 میں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات کے عہدے پر بھی فائز رہے


ویب ڈیسک July 21, 2021
عارف نظامی کا شمار ملک کے نامور صحافیوں میں ہوتا تھا فوٹو: فائل

نامور صحافی اور سابق نگراں وفاقی وزیر عارف نظامی انتقال کرگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک کے موقر انگریزی اخبار پاکستان ٹوڈے کے بانی و ایڈیٹر عارف نظامی لاہور کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے، وہ کچھ عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے، 2 ہفتوں قبل طبیعت بگڑنے پر انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ آج وفات پا گئے۔

عارف نظامی کا شمار ملک کے نامور صحافیوں میں ہوتا تھا، وہ 2013 میں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سمیت ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی قیادت نے عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر عارف علوی نے عارف نظامی کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی صحافت کے شعبے میں گراں قدر خدمات کو ياد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی عارف نظامی کےانتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے عارف نظامی کی رحلت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان میں عارف نظامی کے والد، میرے دادا او رتایا ہم سفر تھے، ان کی رحلت کا سُن کر دل بجھ گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عارف نظامی ایک نامور صحافی اور دانشور تھے، ان کے انتقال سے صحافت کا شعبہ ایک علم دوست شخصیت سے محروم ہو گیا، دکھ کی اس گھڑی میں ان کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ عارف نظامی آزاد صحافت اور آزادی اظہار کے علم بردار تھے، عارف نظامی پاکستان کی صحافت کا معتبر اور پائے کی شخصیت تھے، ان کے انتقال کا سن کرانتہائی افسوس ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں