افغان انڈرنائنٹین کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو 214 رنزسے عبرتناک شکست دیدی

266 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 52 رنزپرہی ڈھیرہوگئی.

افغان بالر فرید احمد پاکستان کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے جنہوں نے 21 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو خاک چٹائی۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

افغانستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے پاکستانی شاہینوں کے غرور کو خاک میں ملاتے ہوئے گرین شرٹس کو 214 رنز سے شکست دے دی۔


دورہ پاکستان پر آئی ہوئی افغان انڈرنائنٹین ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں کھیل کے ہر شعبے میں گرین شرٹس کو آؤٹ کلاس کردیا۔ پاکستان کے کپتان سمیع اسلم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، افغانستان کے تمام کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے۔ افغانستان کے حشمت اللہ شاہدی نے 100 رنز بنائے اورناٹ آؤٹ رہے جب کہ عثمان غنی نے 52 رنز بنائے۔

266 رنز کے تعاقب میں پاکستان کرکٹ ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور ایک کے بعد ایک پویلین واپس لوٹتے گئے اور پوری ٹیم صرف 52 رنز بنا کر ہی ڈھیر ہوگئی۔ افغان بالر فرید احمد پاکستان کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے جنہوں نے 21 رنز دے کر 7 پاکستانی کھلاڑیوں کو خاک چٹائی۔
Load Next Story