شاہ زین بگٹی نے خورشید شاہ سے مذاکرات کے بعد دھرنے کا مقام تبدیل کردیا

بگٹی قبیلے کی مشکلات کا احساس ہے،دھرنے کا مقام تبدیل ہونے سے قومی شاہراہ ٹریفک کیلئے کھل جائے گی،خورشید شاہ


ویب ڈیسک January 24, 2014
سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے سنگم پر گزشتہ 5 روز سے بگٹی قبیلے کے سیکڑوں افراد شاہ زین بگٹی کی قیادت میں دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔ فوٹو: فائل

شاہ زین بگٹی نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کے بجائے اس کا مقام تبدیل کردیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے سنگم پر گزشتہ 5 روز سے بگٹی قبیلے کے سیکڑوں افراد شاہ زین بگٹی کی قیادت میں دھرنا دیئے بیٹھے ہیں جن سے مذاکرات کے لئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ملاقات کی اور مظاہرین سے ہمدردی کا اظہار کیا، اس موقع پرسید خورشید شاہ نے شاہ زین بگٹی سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کی، بعد شاہ زین بگٹی نے مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے اس کا مقام تبدیل کرنے پرآمدگی ظاہر کی ۔


میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بگٹی قبیلے کی مشکلات کا احساس ہے، دھرنے کے مقام کی تبدیلی سے قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے کھل جائے گی جبکہ شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ نے اپنی جماعت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہےاور امید ہے وہ اپنے وعدے کا پاس رکھیں گے۔


واضح رہے کہ گزشتہ 9 سال سے کشمور میں آباد بگٹی قبیلے کے افراد شاہ زین بگٹی کی قیادت میں آبائی علاقے جانا چاہتے تھے جنہیں سیکیورٹی وجوہات پر جانے کی اجازت نہ دی گئی جس کے خلاف مظاہرین 5 روز سے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں