افغان سفیر کی بیٹی کا اغوا پاکستان نے بھارت کا غیرضروری تبصرہ مسترد کردیا

بھارت کی پاکستان کیخلاف غلیظ مہم کے بارے میں سب جانتے ہیں، بھارت افغانستان میں سپائلر کا کردار ادا کررہا ہے، ترجمان


ویب ڈیسک July 22, 2021
بھارت کی پاکستان کے خلاف غلیظ مہم کے بارے میں سب جانتے ہیں، ترجمان (فائل فوٹو)

پاکستان نے افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا پر بھارت کا غیرضروری تبصرہ مسترد کردیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں، بھارت کو اس سے کوئی سروکار نہیں ہونا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف غلیظ مہم کے بارے میں سب جانتے ہیں، یورپین یونین اور خودمختار بین الاقوامی اداروں کو اس کا اچھی طرح سے علم ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ افغان سفیر کی صاحبزادی کے معاملہ پر بھی بھارتی پروپیگنڈا مشینری کام کررہی تھی، اس پروپیگنڈا کا مقصد جھوٹا بیانیہ تیار کرنا تھا، بھارت نے ریاستی دہشت گردی، غیرقانونی قبضے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بےعزت کرنے کے اعلیٰ معیار قائم کر رکھے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اس واقعہ پر سفیر کی صاحبزادی کی جعلی تصاویر چلائی گئیں، پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ منفی پروپیگنڈا سے باز رہے، بھارت افغانستان میں سپائلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں