بھارت نے پاکستان سے نیوٹرل مقام پر کرکٹ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی

کرکٹ تعلقات دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے دوران ہوا، بھارتی میڈیا


ویب ڈیسک January 24, 2014
بھارتی ٹیم کا 2015 تک کا شیڈول پہلے سے طے ہے تاہم ہم محدود سیریز کھیل سکتے ہیں، سیکریٹری بی سی سی آئی فوٹو: فائل

پاکستان اور بھارت کے درمیان جہاں تصفیہ طلب مسائل پر مذاکرات کی راہ ہموار ہورہی ہے وہیں کرکٹ کے میدان میں بھی دونوں ممالک کے درمیان برف پگھلنے لگی ہے اور اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے نیوٹرل مقام پر سیریز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان سے کرکٹ تعلقات دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی گزشتہ روز چنائی میں ہونے والی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے دوران ہوا، میٹنگ کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین ذکا اشرف کو فون کرکے اس حوالے سے آگاہ کیا جس پر ذکا اشرف نے بھارتی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ یہی فیصلہ کرے گی۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری سنجے پٹیل نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم کا 2015 تک کا شیڈول پہلے سے طے ہے تاہم اگر پی سی بی رضامندی ظاہر کرتی ہے تو ہم محدود سیریز کھیل سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں بورڈز کے درمیان معاملات طے پاتے ہیں تو بھارتی ٹیم متحدہ عرب امارات سمیت پاکستانی بورڈ کے کسی بھی تجویز کردہ مقام پر سیریز کھیلنے کے لئے تیار ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری سیریز 2013-2012 میں بھارت میں کھیلی گئی تھی جس میں دونوں ممالک کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز برابر رہی جب کہ ون ڈے سیریز میں گرین شرٹس نے بھارت کو شکست دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں