کراچی اور حیدرآباد سمیت اندرون سندھ کریکر دھماکوں سے گونج اٹھا شہریوں میں خوف وہراس

لاڑکانہ، رانی پور، محراب پور، کنڈیارو اور نوشہروفیروز سمیت مختلف شہر کریکر حملوں سے گونج اٹھے


ویب ڈیسک January 24, 2014
حیدرآباد کے مختلف مقامات پر موٹرسائیکل سوار دستی بم پھینک کر فرار ہوئے، پولیس فوٹو: فائل

کراچی، حیدرآباد، کوٹری اور جامشورو سمیت اندرون سندھ مختلف شہروں میں نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم حملے کئے گئے تاہم حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں ناگن فلائی اوور کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ قیوم آباد کے مختلف مقامات پر شرپسند 2 دستی بم پھینک کر فرار ہوئے۔ اسی طرح حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس کے مطابق لطیف آباد نمبر 7 میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار فلائی اوور کے اوپر سے دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ دوسرا حملہ قاضی عبدالقیوم روڈ کے قریب قائم خانی اسپتال کے سامنے کیا گیا اسی طرح کور نور چوک پر بھی شرپسند خوف و ہراس پھیلانے کی غرض سے دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔


دوسری جانب دادو کے مختلف مقامات پر 7 دستی بم حملے کئے گئے، شرپسندوں نے پہلا حملہ مچھلی مارکیٹ میں کیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم قریبی دکانوں کو معمولی نقصان پہنچا جبکہ دوسرا حملہ اسٹیشن روڈ پر کیا گیا، سرکٹ ہاؤس کے قریب دستی بم حملے میں مچھلی فروش زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے لئے تخریب کاری کر رہے ہیں۔


ادھر رانی پور میں بھی شرپسندوں نے 7 دستی بم حملے کئےجب کہ لاڑکانہ میں 5 کریکر دھماکے کئے گئے،اسی طرح کنڈیارو کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ اور 2 دستی بم حملے کئے گئے، کوٹری ، جامشورو، محراب پور اور نوشہرو فیروز کے مختلف علاقوں میں بھی شرپسندوں نے دستی بم حملے کئے، پولیس نے دستی بم حملے کرنے والے متعدد ملزمان کو حراست میں لے لیا، پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق قوم پرست جماعت سے ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں