نشے میں دھت ڈی ایس پی نے موبائل سے ٹکر مار کر ٹھیلے والے کو زخمی کردیا

پولیس نے فوری طور پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا


Staff Reporter July 23, 2021
پولیس نے فوری طور پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا

صدر میں نشے میں دھت ڈی ایس پی نے سرکاری موبائل سے ٹھیلے والے کو ٹکر مار دی جس سے وہ زخمی ہوگیا ، موقع پر موجود افراد نے ڈی ایس پی کو فوری پکڑلیا ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب صدر کے علاقے میں قائم پارکنگ پلازہ کے قریب نشے میں دھت ہوکر انتہائی غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیورنگ کرتے ہوئے ڈی ایس پی فیروز قریشی نے ٹھیلے والے کو ٹکر مار دی ، جس پر وہاں موجود افراد انتہائی مشتعل ہوگئے اور انھوں نے ڈی ایس پی کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی ، ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ڈی ایس پی کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا جبکہ زخمی کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا۔

پولیس حکام کے مطابق ڈی ایس پی فیروز قریشی ہے جوکہ سیکیورٹی زون ون میں تعینات ہے ، وقوعہ کے وقت وہ نشے کی حالت میں تھا اور اس کا بھی طبی معائنہ کرایا جارہا ہے ، زخمی ٹھیلے والے شوکت نے ایکسپریس کو بتایا کہ وہ فروٹ کا ٹھیلہ لگاتا ہے اور جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب واپس اپنے گھر واقع لائنز ایریا جارہا تھا کہ اچانک اسے عقب سے پولیس موبائل نے ٹکر ماری اور وہ زخمی ہوگیا۔

بعدازاں اسے پتہ چلا کہ مذکورہ شخص ڈی ایس پی فیروز قریشی ہے ، زخمی کو جناح اسپتال میں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی جس کے بعد اسے گھر روانہ کردیا گیا ، پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 392/21 بجرم دفعہ 427 اور 279 کے تحت اس کی مدعیت میں درج کیا ہے ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں