ویکسینیشن نہ کروانے والوں کی موبائل سم بلاک کردی جائے سندھ حکومت

این سی او سی ویکسین نہ لگانے والوں کے خلاف چار مراحل میں کارروائی کرے، سندھ حکومت کا خط

پہلے مرحلے میں ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کو وارننگ جاری کی جائے، محکمہ صحت سندھ ۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
محکمہ صحت سندھ نے این سی او سی سے درخواست کی ہے کہ جن افراد نے ویکسی نیشن نہیں کروائی ان کی موبائل سم بلاک کردی جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت کا کورونا ویکسین نہ لگانے والوں کے خلاف بڑا اقدام سامنے آیا ہے، اور محکمہ صحت سندھ نے این سی او سی سے درخواست کی ہے کہ جن افراد نے ویکسی نیشن نہیں کروائی ان کی سم بلاک کردی جائے، اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ نے این سی او سی کو خط بھی لکھا ہے۔


محکمہ صحت سندھ کی جانب سے این سی او سی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ہم نے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے ویکسینیشن کے حوالے سے آگاہی فراہم کی، صوبے بھر میں ضلعی انتظامیہ نے ہر قسم کے اقدامات اٹھائے، اب این سی او سی ویکسین نہ لگانے والوں کے خلاف چار مراحل میں کارروائی کرے اور پی ٹی اے سے بھی فوری اقدامات کے لیے کہے۔

خط میں تجویز دی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کو وارننگ جاری کی جائے، دوسرے مرحلے میں ایسے افراد کا سوشل میڈیا ( فیس بک اور واٹس وغیرہ ) بلاک کیا جائے، تیسرے مرحلے میں آؤٹ گوئنگ ( کال کی سہولت) بند کی جائے، اور چوتھے اور آخری مرحلے میں ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد کی موبائل سم کو مکمل بلاک کردیا جائے۔
Load Next Story