کراچی ایئرپورٹ سے نکلنے والے مسافروں کو لوٹنے والے 2 ملزمان گرفتار

ملزمان نے لوٹ مار کی درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا، متعدد واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئیں، پولیس


ویب ڈیسک July 25, 2021
ملزمان نے لوٹ مار کی درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا، پولیس (فائل فوٹو)

ناظم آباد پولیس نے کراچی ائیرپورٹ سے نکلنے والے مسافروں کو لوٹنے والے گروہ کے دو کارندوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان لوٹ مار کی وارداتوں کے لیے سفید رنگ کی سوک کار استعمال کرتے تھے۔ خوف کی علامت بننے والی سفید رنگ کی سوک کار قبضے میں لے لی گئی، پولیس نے ٹیکنیکل سپورٹ سسٹم اور ناکہ بندی کے ذریعے کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے دو کارندوں کامران عرف امان اور جاسم کو گرفتار کیا ہے، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا گیا سامان برآمد کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان شہر میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سفید رنگ کی سوک میں ایئرپورٹ سے واپس آنے والے مسافروں کو لوٹتے تھے، گرفتار ملزمان نے لوٹ مار کی درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا، لوٹ مار کے متعدد واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئیں جن میں سفید رنگ کی سوک کو دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف اب تک آٹھ سے زائد مقدمات کی تفصیلات حاصل کرلی گئیں، ملزمان پیشہ ور مجرم ہیں۔ ملزم کامران کا بھائی 6 سال قبل پولیس مقابلہ میں مارا جاچکا ہے جبکہ دوسرا بھائی عدنان ایئرپورٹ ڈکیتی کیس میں جنوری 2021 سے جیل میں ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم جاسم کا بڑا بھائی بھی اڈیالہ جیل میں ہے وہ بھی لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔ ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ ملزمان سے برآمد اسلحہ فرانزک کے لیے روانہ کر دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں