پولیس اور رینجرز کی کارروائیاں 120 ملزمان گرفتار

اسلحہ، دستی بم، گولیاں اور منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ، گرفتار شدگان میں لیاری گینگ وار کے کارندے بھی شامل ہیں

پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مارکارروائیوں اورمقابلوں کے دوران مفروروں سمیت 113 ملزمان پکڑے فوٹو: اے پی پی/فائل

رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران سیاسی اور لیاری گینگ وار کے کارندوں سمیت دیگر جرائم میں ملوث 120 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ، دستی بم ، گولیاں اور منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

رینجرز سندھ کے ترجمان میجر سبطین کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں نصرت بھٹو کالونی ، بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 9-E، لسبیلہ چوک ، ملیر ، سول ایوی ایشن کالونی ، کیٹل کالونی ، بھیم پورہ ، دھوبی گھاٹ اور غازی آباد میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کر کے ایس ایم جی رائفل اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، گرفتار ہونے والوں میں سیاسی جماعت اور لیاری گینگ وار کے کارندے بھی شامل ہیں۔




سندھ پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق کراچی پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 98 چھاپے مار کارروائیوں اور 8 مقابلوں کے دوران 113 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان میں 3 ٹارگٹ کلر، 2 دہشت گرد، 13 ڈکیت، 25 ملزمان کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں، 11 ملزمان کو منشیات فروشوں جبکہ 16 مفرور و اشتہاری بھی ملزمان میں شامل ہیں، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 30 ہتھیار ، 2 دستی بم اور منشیات برآمد ہوئی۔
Load Next Story