طالبان سے مذاکرات امریکا برداشت نہیں کرسکتا حافظ سعید

دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ٹارگٹ اسلام ہے،میڈیا سے بات چیت، خطاب


Nama Nigar January 25, 2014
دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ٹارگٹ اسلام ہے،میڈیا سے بات چیت، خطاب فوٹو: فائل

جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے سربراہ حافظ محمد سعید نے طالبان سے مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اے پی سی کے بعد مذاکرات میں تاخیر سے شکوک و شبہات بڑھ رہے ہیں۔

مولانا سمیع الحق کو مذاکرات کا ٹاسک دینے کے بعد وزیر اعظم ہاوس سے اس بات کی تردید سے غلط فہمیاں مزید بڑھ جائیںگی، طالبان کے حملوں کو سو فیصد حرام اور غلط قرار دیتے ہیں، ہماری معلومات کے مطابق طالبان بھی مذاکرات کو تیار ہیں اگر حکومت پاکستان نے طالبان سے مذاکرات کی ذمے داری دی تو وطن عزیز میں قتل و غارت کے خاتمے اور قیام امن کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ امریکا برداشت کرے گا کہ حافظ سعید اس اہم معاملے کا حصہ بنے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکز عمر بن خطاب نیو سعید آباد میں نماز جمعہ سے قبل خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی ملک کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑ کر رکھنا چاہتے ہیں۔



دہشتگردی کی جنگ کا ٹارگٹ عالم اسلام ہے اور اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت پاکستان کو اس کا مورچہ بنایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وادی مہران اور ساحل مکران کو اس خطے میں سب سے پہلے اسلام پہنچنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انھوں نے مزیدکہا کہ افغانستان سے شکست خوردہ امریکا اپنی شکست کا انتقام پاکستان سے لینا چاہتا ہے، جس کیلیے کولن پاول کا بیان ریکارڈ پر موجود ہے جو شکست کا ذمے دار پاکستان کو سمجھتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں