شاہین اور حارث کوجارحیت برقرار رکھنے کا مشورہ

پیسربولنگ کے بعد بیٹسمین کی جانب مسکراکردیکھے تو وہ ریلیکس ہو جاتا ہے،سہیل اختر

کشمیرلیگ میں مظفرآباد ٹائیگرزکیلیے عمدہ کھیل پیش کرنا چاہتا ہوں،سہیل اختر ۔ فوٹو : فائل

سہیل اختر نے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو بولنگ میں جارحانہ انداز برقرار رکھنے کا مشورہ دے دیا۔

شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کے جارحانہ رویے کو اکثر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، مگر پی ایس ایل میں ان کے کپتان سہیل اختر اس انداز کو درست سمجھتے ہیں۔


پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں، دونوں بہت سخت محنتی کرکٹرز ہیں، جتنی ان پر تنقید ہو وہ اتنی ہی محنت کر کے اپنی کارکردگی بہتر بناتے ہیں، انگلینڈ سے حالیہ سیریز میں دونوں نے تنقید کے باوجود اچھی بولنگ اور فیلڈنگ کی، اس سے ان کی خود اعتمادی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر کسی فاسٹ بولر میں جارحیت نہیں تو وہ فاسٹ بولر ہی نہیں، لاہور قلندرز کے کوچ عاقب جاوید اور میں بطور کپتان ہمیشہ شاہین اور حارث کو جارحیت کے ساتھ بولنگ کی ہدایت دیتے ہیں، اگر آپ تیز بولنگ کرنے کے بعد بیٹسمین کی جانب مسکرا کر دیکھیں تو وہ ریلیکس ہو جائے گا، اس لیے فاسٹ بولرز کیلیے جارح مزاج ہونا ضروری ہے، رائٹ ہینڈر بیٹسمین نے کہا کہ محمد حفیظ عظیم کھلاڑی ہیں، فیلڈ اور باہر انھوں نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا، ہم نے ان کے تجربے سے کافی کچھ سیکھا، میں خوش قسمت ہوں کہ کشمیر پریمیئرلیگ میں ان کی زیر قیادت ٹیم مظفرآباد ٹائیگرز کی نمائندگی کروں گا۔

سہیل اختر نے کہا کہ ہماری ٹیم تجربہ کار اور بہت متوازن ہے، ہمیں باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کا بھی ساتھ حاصل ہوگا، امید ہے کہ مقامی کراؤڈ کے سامنے مظفرآباد ٹائیگرز کی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی،میں ایونٹ سے قبل فارم حاصل کرنے کیلیے دن میں 2 بار ٹریننگ کر رہا ہوں،شائقین کو اپنے مقامی اسٹارز کو بھی سامنے ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔
Load Next Story