ہم میں اور اپوزیشن میں نظریے کا فرق ہے وزیراعظم

ہم نظریے پر کھڑے رہے تو کبھی ناکام نہیں ہوں گے، وزیراعظم عمران خان


ویب ڈیسک July 28, 2021
ہم نظریے پر کھڑے رہے تو کبھی ناکام نہیں ہوں گے، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم میں اور اپوزیشن میں نظریے کا فرق ہے اور اگر ہم نظریے پر کھڑے رہے تو کبھی ناکام نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماوں کا اجلاس ہوا جس میں حکومتی رہنماوں اور ترجمانوں نے آزاد کشمیر الیکشن میں کامیابی پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی۔

اجلاس میں حکومت کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ پر تجاویز طلب کی گئیں اور18 اگست کو حکومت کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

اجلاس میں زراعت کے شعبے میں اصلاحات پر ترجمانوں کو بریفنگ دی گئی جب کہ علامہ طاہر اشرفی نے مذہبی ہم آہنگی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں مختلف شعبوں اقلیتوں کو سب سے زیادہ نمائندگی دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے، انسان کوشش کرکے تو ناممکن کو ممکن بنا سکتا ہے، ہم نے ایک نظریے کی بنیاد پر سیاست کا آغاز کیا، ہم میں اور اپوزیشن میں نظریے کا فرق ہے، ہم نظریے پر کھڑے رہے تو کبھی ناکام نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم نے لوگوں کو کامیاب پاکستان منصوبے کی آگاہی دینے کے لیے مہم چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل فیصلے کرنے پھر ان پر کھڑا ہونا ہوتا ہے، کوویڈ کے دوران ہم نے مشکل فیصلے کیے، جن کے بہتر نتائج سامنے آئے،40 لاکھ افراد کو غربت سے نکالنے کا کامیاب پاکستان منصوبہ کل لانچ کررہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ لیڈرشپ کا تقاضا یہ ہے کہ آپ کے اندر پریشر برداشت کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیئے، افغانستان کے معاملے پر ہم پر بہت بڑا پریشر آئے گا، ہم پریشر میں آنے کے بجائے وہ فیصلے کریں گے جو عوام کی بہتری کے لیے ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں