میری کارکردگی کافی پلیئرز سے بہتر ہے انور علی

کشمیرلیگ میں مظفرآباد ٹائیگرز کی جانب سے عمدہ پرفارم کروں گا، پیسر

کشمیرلیگ میں مظفرآباد ٹائیگرز کی جانب سے عمدہ پرفارم کروں گا۔ فوٹو : فائل

پیسر انور علی نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک وائٹ بال کرکٹ میں میری کارکردگی کافی پلیئرز سے بہتر ہے جب کہ انجریز سے نجات کے بعد تواتر سے اچھا پرفارم کر رہا ہوں۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکو خصوصی انٹرویو میں انور علی نے کہا کہ میں انجریز سے مکمل طور پر نجات حاصل کر چکا،گذشتہ چند برسوں میں فٹنس مسائل کی وجہ سے میں جدوجہد کرتے رہا، مگر اب تواتر سے ڈومیسٹک کرکٹ اور دنیا بھر کی لیگز میں حصہ لے رہا ہوں،اگر آپ گذشتہ چند برس کے دوران وائٹ بال کرکٹ میں میرا ریکارڈ دیکھیں تو بطور آل راؤنڈر مجھ سے بہتر پرفارم کرنے والے زیادہ پلیئرز نظر نہیں آئیں گے۔


آخری بار 2016میں بنگلادیش کیخلاف ٹی20میچ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے انورعلی نے شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کی تسلسل سے عمدہ کارکردگی کو سراہا، انھوں نے کہاکہ دونوں بولرز تمام فارمیٹس کی پاکستانی فتوحات میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں،امید ہے کہ یہ مستقبل میں بھی ایسی کارکردگی برقرار رکھیں گے۔

پیسر نے کہا کہ میں کشمیر پریمیئر لیگ میں مظفرآباد ٹائیگرز کی جانب سے عمدہ پرفارم کرنے کے لیے پْرجوش ہوں،امید ہے کہ ہماری ٹیم ایونٹ میں اچھی فارم میں دکھائی دے گی، کپتان محمد حفیظ بہت تجربہ کار کھلاڑی اور قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں، انھیں کھیل کی بڑی سمجھ بوجھ ہے اور وہ ماضی میں ورلڈکپ سمیت مختلف مواقع پر پاکستان کی بھی قیادت کر چکے، ان کا تجربہ کے پی ایل میں کھلاڑیوں کے کام آئے گا اور وہ حفیظ کی زیرقیادت کھیل کر بہت کچھ سیکھیں گے۔

پیسر نے 2006 کے انڈر19 ورلڈکپ فائنل میں بھارت کیخلاف35 رنز کے عوض 5 وکٹیں لے کر پاکستان کو فتح دلائی تھی، ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ میرے کیریئر کا بہترین آغازتھا، بھارت کیخلاف فائنل جیتنا اور میچ کا بہترین کھلاڑی قرار پانا میرے لیے بہت خاص رہا،بھارتی ٹیم کو اس میچ میں چتیشور پجارا، روہت شرما اور پیوش چاولہ جیسے پلیئرز کا ساتھ حاصل تھا جو بعد میں اسٹارز بنے۔
Load Next Story