متحدہ قومی موومنٹ کے تحت محفل ذکر مصطفیٰؐ آج ہوگی

جناح گراؤنڈ آنیوالے راستوں کی عمارتوں پر چراغاں، ڈپٹی کنوینرز نے انتظامات کا جائزہ لیا

حق پرست عوام و کارکنان اپنی فیملیوں کے ہمراہ بھرپور شرکت کریں، رابطہ کمیٹی۔ فوٹو: فائل

جشن عید میلا النبیﷺ 12 ربیع الاول کے سلسلے میں امسال بھی متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام ہفتہ 25 جنوری کو بعد نماز عشا جناح گرائونڈ عزیز آباد میں عظیم الشان محفل ذکر مصطفیٰؐ منعقد ہوگی جس میں جید علمائے کرام، مشائخ، ذاکرین سیرت طیبہ ﷺ پر روشنی ڈالیں گے۔

ملکی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں سرکار دو عالم ﷺ کی شان اقدس میں گل ہائے عقیدت پیش کریں گے، محفل ذکر مصطفیٰ ؐکے سلسلے میں جناح گرائونڈ آنے والے تمام راستوں، چوراہوں اور بلند و بالا عمارتوں کو برقی قمقموں، رنگ برنگی جھالروں اور بینرز سے انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، اسٹیج اور پنڈال کی تیاری کے انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، محفل ذکر مصطفیٰؐ میں شرکت کیلیے علمائے کرام اور نعت خواں حضرات کو دعوت نامے ارسال کیے جا چکے ہیں۔




علاوہ ازیں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز اور اراکین نے جناح گرائونڈ عزیز آباد کا دورہ کیا، محفل ذکر مصطفیٰؐ کی تیاریوںکا جائزہ لیااور انتظامات پر اطمینان کااظہار کیا۔ رابطہ کمیٹی نے حق پرست عوام و کارکنان سے اپیل کی کہ وہ ایم کیو ایم کے زیر اہتمام ہفتہ 25 جنوری کو بعد نماز عشا جناح گرائونڈ عزیز آباد میں منعقد ہونے و الی محفل ذکر مصطفیٰؐ میں اپنی اپنی فیملیوں کے ہمراہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں۔
Load Next Story