
امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامور اینجیلا ایگلر کے مطابق موڈرنا ویکسین کی مزید 30 لاکھ خوراکیں پاکستان کے حکام کے حوالے کردی گئی ہیں، یہ عطیہ امریکا کی جانب سے کورونا وائرس وبا کے خاتمہ کے لیے محفوظ اور موثر ویکسین تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے مقصد کے تحت دنیا بھر میں 8 کروڑ ٹیکوں کی تقسیم کے سلسلہ کی کڑی ہے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: امریکی کوروناویکسین کی بڑی کھیپ پاکستان پہنچ گئی
امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامور اینجیلا ایگلر نے کہا کہ ہم سب سے زیادہ ضرورتمند آبادیوں تک کووڈ ویکسین کی رسائی ممکن بنانے کے مشترکہ مقصد پر یقین رکھتے ہیں،ویکسین کی یہ 30 لاکھ خوراکیں اُن 25 لاکھ ٹیکوں کے علاوہ ہیں جو اس مہینے کے اوائل میں امریکا نے پاکستانی عوام کو دیئے تھے۔
اینجیلا ایگلر کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکےجو امریکا کی اپنی داخلی فراہمی سے حاصل کیئے گئے ہیں امریکی صدر بائیڈن اور امریکی مشن کے ان وعدوں کی پاسداری کے عکاس ہیں کہ ہم کووڈ وبا کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی حکومت نے حکومت پاکستان کے ساتھ اشتراک کار کے تحت پانچ کروڑ ڈالر کووڈ کے سَدِباب کے لیے بطور امداد دیئے ہیں۔ وباء کے آغاز سے لیکر ہی امریکا نے بیماری کی روک تھام اور قابو پانے، مریضوں کی نگہداشت میں بہتری، لیبارٹری تشخیص میں وسعت، مرض کی نگرانی، تمام اضلاع میں متاثرین کی جانچ پڑتال اور صَفِ اوّل کے صحت کارکنوں کی مدد کی خاطر حکومت پاکستان کے ساتھ مِل جُل کر اقدامات اُٹھائے ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔