افسوس رہے گا ماہرہ نے میری زندگی پر بننے والے ڈرامے میں کام کیا خلیل الرحمان 

ٹک ٹاکر کہاں کے اسٹارز ہیں اللہ انہیں راہ ہدایت پر لائے ، خلیل الرحمان قمر


ویب ڈیسک July 30, 2021
خلیل الرحمان قمر نے فیروز خان وک بہترین اداکار قرارد یا فوٹوفائل

معروف مصنف وہدایت کار خلیل الرحمان قمر کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کا زندگی بھر افسوس رہے گا کہ ماہرہ خان نے ان کی زندگی پر بننے والے ڈرامے میں بطور ہیروئن کام کیا۔

خلیل الرحمان قمر نے رواں ماہ کے وسط میں ایک انٹرویو کے دوران پاکستان شوبز انڈسٹری اورفنکاروں سے متعلق باتیں کیں۔ میزبان نے جب ان سے پوچھا کہ آپ کو ایک خاتون میں سب سے زیادہ کیا چیز متوجہ کرتی ہے؟ اچھا میک اپ، اچھا لباس یا اس کا بات کرنے کا انداز؟

میزبان کے سوال کے جواب میں خلیل الرحمان قمر نے کہا مجھے کسی بھی خاتون کی حیا اور وفا اس میں سب سے اچھی لگتی ہے۔ شو کے دوران خلیل الرحمان قمر نے ٹک ٹاکرز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا یہ کہاں کے اسٹارز ہیں اللہ انہیں راہ ہدایت پر لائے۔ تاہم انہوں نے بہت سے ٹک ٹاکرز کو باصلاحیت بھی قرار دیا۔

خلیل الرحمان قمر نے ٹک ٹاکرز کو مشورہ دیا کہ آپ اس طرح ٹک ٹاک نہ بنائیں کہ کسی کے بولے ہوئے لفظوں پر پرفارمنس دیں بلکہ خود بولیں۔ جب ٹک ٹاکرز اپنی آواز میں خود جملے بولیں گے تو ہمیں پتہ چلے گا کہ ان میں ٹیلنٹ کتنا ہے اور اس طرح وہ ڈاراما سازوں کی نظروں میں آئیں گے۔ کیونکہ کسی بھی ٹک ٹاکر کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ اسے کسی ڈرامے میں کاسٹ کرلیا جائے۔

شومیں ایک سیگمنٹ کے دوران میزبان کی جانب سے خلیل الرحمان قمر کو چند فنکاروں کی تصاویر دکھائی گئیں اور انہوں نے ان کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔ جب خلیل صاحب کو فیروز خان کی تصویر دکھائی گئی تو انہوں نے انہیں بہترین اداکار قرار دیا اور ماضی کا ایک واقعہ بھی شیئر کیا جب ایک آڈیشن کے بعد انہوں نے فیروز خان کو گھر بھیج دیاتھا۔

خلیل الرحمان نے کہا مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ لڑکا اتنی جلدی اپنی پرفارمنس اتنی بہتر کرلے گا۔ خلیل الرحمان نے یہ بھی بتایا کہ وہ اور فیروز خان ایک پروجیکٹ پر ساتھ کام کررہے ہیں۔ خلیل الرحمان قمر نے عائشہ عمر کے بارے میں کہا ان کے ساتھ میں کام کرچکا ہوں اور جن کے ساتھ میں کام کرتا ہوں ان کی بے حد عزت کرتا ہوں۔

وینا ملک کوبھی انہوں نے بہترین اداکارہ قرار دیا اور کہا ہم نے ایک ساتھ فلم ''کوئی تجھ سا کہاں'' میں کام کیا تھا۔ جب انہیں حامد میر کی تصویر دکھائی گئی تو انہوں نے کہا میں اس شخص سے نفرت کرتا ہوں آگے چلیں۔ عفت عمر کے بارے میں انہوں نے کہا یہ وہ ہے جس سے میں نفرت بھی نہیں کرتا یہ اس قابل بھی نہیں ہے۔

جب خلیل صاحب کو ماہرہ خان کی تصویر دکھائی گئی تو انہوں نے کہا مجھے زندگی بھرکا غم ہے اس نے میری زندگی کا سیریل کیا اور اس میں یہ ہیروئن تھی اور یہ غم مجھے ہمیشہ رہے گا۔ اداکار عدنان ملک کو تو خلیل الرحمان قمر نے پہلے پہچاننے سے ہی انکار کردیا اور پھر کہا ان کے بارے میں میرے وہی خیالات ہیں جوماہرہ خان کے بارے میں ہیں۔ خلیل الرحمان قمر کو جب مفتی قوی کی تصویر دکھائی گئی تو انہوں نے کہا یہ میرے ملک کے اوپر بدنما داغ ہیں۔

واضح رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان اور عدنان ملک نے خلیل الرحمان قمر کے لکھے ہوئے ڈرامے ''صدقے تمہارے'' میں مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ یہ ڈراما 2014 میں نجی ٹی وی چینل سےنشر کیا گیا تھا۔ یہ ڈراما خلیل الرحمان قمر کی زندگی پر مبنی تھا اور اداکار عدنان ملک نے اس میں خلیل الرحمان قمر کا کردار نبھایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں