نذیر چوہان کو اکیلا نہ سمجھا جائے ترین گروپ کی دھمکی

انتقامی کارروائیاں برداشت نہیں، ترین گروپ نذیر چوہان کے ساتھ کھڑا ہے، مشاورتی اجلاس کا اعلامیہ جاری


ویب ڈیسک July 30, 2021
انتقامی کارروائیاں برداشت نہیں، ترین گروپ نذیر چوہان کے ساتھ کھڑا ہے، مشاورتی اجلاس کا اعلامیہ جاری (فوٹو : فائل)

پاکستان تحریک انصاف میں بننے والے جہانگیر ترین گروپ نے ایم پی اے نذیر چوہان کا مکمل ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نذیر چوہان کو اکیلا نہ سمجھا جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اس بات کا اعلان ترین گروپ نے اپنے مشاورتی اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں ارکان نے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے خلاف انتقامی کاروائیوں کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ انتقامی کارروائیاں برداشت نہیں ان کے خلاف آواز بلند کریں گے۔

یہ پڑھیں : ترین گروپ کے نذیرچوہان کے خلاف شہزاد اکبرکی درخواست پرمقدمہ درج

ترین گروپ نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ نذیر چوہان کو کسی طرح بھی تنہا نہ سمجھا جائے ترین گروپ نذیر چوہان کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس موقع پر ترین گروپ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدی پرویز الہی کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ اسپیکر نے پروڈکشن آرڈر سے منتخب نمائندوں کی عزت بحال کی، کل ترین گروپ کے ارکان عدالت میں یکجہتی کے لیے اکٹھے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : نذیرچوہان ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

دریں اثنا نذیر چوہان کے معاملے پر اسپیکر اور پنجاب حکومت آمنے سامنے آگئے۔ پنجاب حکومت نے مسلسل دوسرے روز بھی اپنی ہی جماعت کے گرفتار رکن اسمبلی نذیر چوہان کو پروڈکشن آرڈر کے باوجوود ایوان میں پیش نہ کیا۔

اطلاعات کے مطابق حکومت اسپیکر اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر پر عمل درآمد سے گریزاں ہے، نذیر چوہان کو پروڈکشن آرڈر کے باوجود دوسرے روز بھی پنجاب اسمبلی میں پیش نہیں کیا گیا۔

اسپیکر چوہدری پرویز الہی نے گزشتہ روز بھی نذیر چوہان کو ایوان میں پیش نہ کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ چوہدری پرویز الہی نے اپنے جاری کردہ پروڈکشن آرڈر پر عمل درآمد نہ ہونے پر روزانہ اجلاس کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

اب معاملہ اس طرح ہوگیا ہے کہ نذیر چوہان کے معاملے پر اسپیکر، پی ٹی آئی ترین گروپ اور مسلم لیگ (ن) ایک پیج پر آچکے ہیں، پی ٹی آئی ترین گروپ اور مسلم لیگ (ن) نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عمل درآمد نہ ہونے پر اسپیکر کو سخت اقدام کا مشورہ دے چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں