مقدمات کی فیس ادا نہ کرنے پر ایڈووکیٹ ظفرعباس نے پرویز مشرف کو قانونی نوٹس بجھوادیا

اگر مقدمات کی فیس ادا نہ کی گئی تو سپریم کورٹ میں دائر کیس واپس لے سکتا ہوں، ایڈوکیٹ ظفر عباس نقوی


ویب ڈیسک January 25, 2014
پرویز مشرف نے ظفر عباس نقوی کی وساطت سے سپریم کورٹ میں 4 مقدمات دائر کر رکھے ہیں. فوٹو: فائل

پرویز مشرف کے وکیل ایڈووکیٹ آن ریکارڈ ظفرعباس نقوی نے مقدمات کی فیس ادا نہ کرنے پر سابق صدر پرویز مشرف کو قانونی نوٹس بجھوا دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پرویز مشرف کے وکیل ایڈوکیٹ آن ریکارڈ ظفر عباس نقوی نے مقدمات کی فیس ادا نہ کرنے کے خلاف سابق صدر پرویز مشرف کو نوٹس آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بھجوایا ہے۔ پرویز مشرف نے ظفر عباس نقوی کی وساطت سے سپریم کورٹ میں 4 مقدمات دائر کر رکھے ہیں اور چاروں مقدمات 3 نومبر کی ایمرجنسی سے متعلق ہیں۔

ایڈوکیٹ ظفر عباس نقوی کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی جانب سے اب تک صرف 47 ہزار روپے ادا کئے گئے ہیں، اس سے پہلے بھی نوٹس بجھوا چکا ہوں لیکن اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر مقدمات کی فیس ادا نہ کی گئی تو سپریم کورٹ میں دائر کیس واپس لے سکتا ہوں، میرے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف دل کے عارضے کے باعث گزشتہ 3 ہفتوں سے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر علاج ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں