کورونا پر بننے والی پاکستانی مختصر فلم بین الاقوامی ایوارڈ کے لیے نامزد

فلم ’ مختارا‘ لاس اینجلس ہالی وڈ اسٹریٹ کے ٹی سی ایل تھیٹر میں 6 اگست سے اسٹالن ایوارڈ کے لیے پیش کی جائے گی


Mian Asghar Saleemi July 31, 2021
فلم ’ مختارا‘ لاس اینجلس ہالی وڈ اسٹریٹ کے ٹی سی ایل تھیٹر میں 6 اگست سے اسٹالن ایوارڈ کے لیے پیش کی جائے گی۔(فوٹو:فائل)

کورونا پر بننے والی پاکستانی شارٹ فلم نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر دیا، پروڈیوسر اور ایکٹر صاحب احمد کی فلم'مختارا' ہالی وڈ فلم فیسٹیول اسٹالن کے لیے نام زد ہو گئی، ایوارڈ تقریب اگلے ماہ امریکہ میں منعقد ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عالمی وبا کورونا پر بننے والی پاکستانی مختصر فلم 'مختارا' بین الاقوامی ہالی وڈ فلم فیسٹیول اسٹالن کے لیے نام زد ہوگئی۔ اس ایوارڈ کے لیے دنیا بھر کے120 ملکوں میں بننے والی 750 سے زائد فلموں نے حصہ لیاجس میں سے 80 فلموں کو اس فیسٹیول کے لیے نام زد کیا گیا۔ جب کہ مختصر فلموں کی کیٹیگری میں صرف4 فلموں کو منتخب کیا گیا جس میں سے ایک کینیڈا، 2 بھارت اور ایک پاکستانی فلم 'مختارا' شامل ہے۔

اس فلم کے پروڈیوسر صاحب احمد نے اپنی مدد آپ کے تحت مختصر بجٹ میں نہ صرف یہ فلم پروڈیوس کی بلکہ اس میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے، فلم کی دیگر کاسٹ میں نئی اداکارہ ثمن شیخ، عباس رائے، جاوید اقبال اور صاحب احمد شامل ہیں-
فلم ' مختارا' لاس اینجلس ہالی وڈ اسٹریٹ کے ٹی سی ایل تھیٹر میں 6 اگست سے اسٹالن ایوارڈ کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں