ڈالر پاؤنڈ اور یورو کی قدر میں اضافے کا رحجان غالب

ڈالر نیچے آنے کے بعد دوبارہ 162روپے سے تجاوز کرگیا


Ehtisham Mufti July 31, 2021
ڈالر نیچے آنے کے بعد دوبارہ 162روپے سے تجاوز کرگیا . فوٹو : فائل

پاکستان پر واجب الادا بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کی غرض سے طویل مدت کے لیے ڈالر کی طلب برقرار رہنے کے خدشات کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے ڈالر، پاونڈ اور یورو کی قدر میں اضافے کا رحجان غالب رہا۔

ہفتہ وار کاروبار میں ڈالر نیچے آنے کے بعد دوبارہ 162روپے سے تجاوز کرگیا۔ کورونا کی چوتھی لہر سے بچاؤ کے لیے کاروباری شعبوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن شروع ہونے سے ڈالر کی ڈیمانڈ بڑھی اور روپیہ کمزور ہوا۔ ہفتے کے آغاز پر شرح مبادلہ کی درستگی کےلیے اگرچہ ریگولیٹر کی مداخلت سے ڈالر کی قدر 162روپے سے نیچے آگئی تھی۔

یوروبانڈز کی مد میں دوارب ڈالرموصول ہونے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری سے بھی روپیہ تگڑا ہوا لیکن لاک ڈاؤن کے سبب درآمدی شعبوں کی ڈیمانڈ روپے کی تنزلی کا باعث بنی۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدراتارچڑھاو کے بعد 11پیسے بڑھکر 162.43 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر1.20 بڑھ کر 162.70 روپے ہوگئی۔

اسی طرح برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 4.11 روپے بڑھ کر 227.01روپے ہوگئے جبکہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ کی قدر 4روپے بڑھ کر 224روپے ہوگئی۔ انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 2.08روپے بڑھ کر 193.29 روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر 2.80روپے کی کمی سے 190.50روپے ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں