کراچی میں سی آئی ڈی کی کارروائی 60 افراد کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کے 2 ٹارگٹ کلرز گرفتار

ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور یہ دہشت گردی کی تربیت پڑوسی ملک سے حاصل کرکے آئے تھے، راجہ عمر خطاب

دونوں ملزمان ایک مذہبی جماعت کے رہنما پر بھی حملے میں بھی ملوث ہیں، انچارج سی آئی ڈی پولیس فوٹو:فائل

سی آئی ڈی پولیس نے 60 افراد کو قتل کرنے والے کالعدم تنظیم کے 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا جب کہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 11 ملزمان کے خاکے اور 4 کی تصاویر بھی جاری کردیں۔


کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انچارج سی آئی ڈی پولیس راجہ عمر خطاب نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث گرفتار ملزمان جوہر حسین اور ارشاد حسین کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور یہ دہشت گردی کی تربیت پڑوسی ملک سے حاصل کرکے آئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان مفتی عبدالمجید دین پوری کے قتل سمیت 60 افراد کے قتل میں ملوث ہیں جب کہ دونوں ملزمان ایک مذہبی جماعت کے رہنما پر بھی حملے میں بھی ملوث ہیں۔

راجہ عمر خطاب نے کہا کہ ملزمان کے گروپ میں 15 سے 17 لڑکے ہیں جو مخالف کالعدم تنظیم کے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کرتے ہیں۔ دونوں ملزمان کافی عرصے سے جیل میں تھے اور رہائی کے بعد انہوں نے پھر واردتیں شروع کردیں۔ اس کے علاوہ سی آئی ڈی پولیس کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 11 ملزمان کے خاکے اور 4 ٹارگٹ کلرز کی تصاویر بھی میڈیا کے سامنے پیش کی گئیں۔
Load Next Story