کراچی پولیس کورونا حفاظتی لباس کیساتھ فرائض سر انجام دینے لگی

شہریوں نے حفاظتی لباس میں فرائض سرانجام دیتے پولیس اہل کاروں کو دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا

شہریوں نے حفاظتی لباس میں فرائض سرانجام دیتے پولیس اہل کاروں کو دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا۔(فوٹو:ایکسپریس)

KARACHI:
کراچی پولیس نے ساؤتھ زون میں سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر تعینات اہلکاروں کو کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی لباس فراہم کردیے ہیں۔ پولیس اہل کاروں نے اتوار کو حفاظتی لباس پہن کر فرائض سرانجام دیے، حفاظتی لباس میں ملبوس پولیس اہل کاروں کو دیکھ کر شہریوں کو بھی خوشگوار حیرت ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن ایس او پیز پر عمل درآمد کی غرض سے شہر بھر میں پولیس کی جانب سے مختلف سڑکوں پر سیکیورٹی چیک پوائنٹس قائم کیے گئے جہاں پولیس اہلکار شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے پر ان کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے واپس گھروں کو بھیج رہے ہیں۔


ساؤتھ زون جس میں کلفٹن، ڈیفنس، درخشاں، گذری، فریئر، پی آئی ڈی سی اور اطراف کے دیگر علاقے شامل ہیں پر تعینات پولیس اہل کاروں کو کورونا سے بچاؤ کا حفاظتی لباس (پی پی ای) فراہم کردیا گیا ہے۔ یہ حفاظتی لباس پہننے والے کے جسم کو سر سے پاؤں تک مکمل طور پر ڈھانپ دیتا ہے جب کہ چہرے پر ماسک کے علاوہ حفاظتی شیلڈ بھی اس میں شامل ہے۔

اتوار کو سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر قائم اہل کاروں نے مکمل حفاظتی لباس پہن کر اپنے فرائض سر انجام دیے، شہریوں نے حفاظتی لباس میں فرائض سرانجام دیتے پولیس اہل کاروں کو دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ ان کے محافظ بھی کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے ہی شہریوں کو بھی اس کا پابند بنارہے ہیں۔
Load Next Story