کراچی کے علاقے لانڈھی میں پولیس موبائلوں پردستی بم حملہ اور فائرنگ 6 اہلکار جاں بحق

پولیس موبائل پر دستی بم حملہ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ کے قریب کیا گیا


ویب ڈیسک January 25, 2014
سڑک کی دوسری جانب سے نامعلوم ملزمان کی جانب سے دستی بم حملہ کیا گیا، پولیس،فوٹو:محمد ثاقب/ایکسپریس

لانڈھی میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ کے قریب پولیس موبائل پر دستی بم حملے میں 3 اہلکاروں سمیت4 افراد جاں بحق جبکہ لانڈھی تھانے کی حدود میں ہی فائرنگ کےدوسرے واقعے میں 3 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پہلا واقعہ لانڈھی نمبر 6 میں پیش آیا جہاں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ کے قریب ڈیوٹی پر تعینات پولیس موبائل پر نامعلوم افراد نے دستی بم حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے ،جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق موبائل پر سڑک کی دوسری جانب سے نامعلوم ملزمان کی جانب سے دستی بم حملہ کیا گیا،حملے کے نتیجے میں پولیس موبائل تباہ ہوگئی اور ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے 2 اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے،جاں بحق ہونےوالے پولیس اہلکاروں میں اے ایس آئی نعیم،پولیس کانسٹیبل آصف اور خلیل شامل ہیں۔

پولیس پر حملے کا دوسرا واقعہ بھی لانڈھی تھانے کی حدود اسپتال چورنگی کےقریب پیش آیا جہاں پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے پولیس موبائلوں پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے غم زدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے،سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی پولیس اور رینجرز کا مورال بلند ہے۔


ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے بھی پولیس پر حملوں کی مذمت کی گئی ہے اور جاں بحق ہونےوالوں کے ورثا سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں