سینئر صحافی رفیق افغان انتقال کرگئے سی پی این ای کی تعزیت

 نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، امت اخبارکے مدیر اعلیٰ تھے، میوہ شاہ قبرستان میں تدفین


Staff Reporter August 03, 2021
رفیق افغان نڈراور بہادر شخص تھے، فلاحی کاموں میں پیش پیش تھے،رہنما سی پی این ای ۔ فوٹو : فائل

KARACHI: سینئر صحافی روزنامہ امت، ہفت روزہ غازی اور ہفت روزہ تکبیرکے مدیر اعلیٰ رفیق افغان مختصر علالت کے بعد کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔

مرحوم رفیق افغان کی نماز جنازہ مسجد الفتح کڈنی ہل نزدکوکن پارک میں بعد نماز ظہر ادا کی گئی، نماز جنازہ بشیر فاروقی نے پڑھائی ، نماز جنازہ میں اہلخانہ ، رشتے داروں ، دوست احباب ، صحافیوں، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور دیگر شخصیات نے شرکت کی، بعدازاں مرحوم کو میوہ شاہ قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، مرحوم نے سوگواروں میں 2 بیٹے، بیوہ اور بھائی چھوڑے ہیں،

صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ ،چیف سندھ سید ممتاز علی شاہ، پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال ، سیکریٹری اطلاعات سندھ اعجاز حسین بلوچ ، ڈائریکٹر جنرل غلام الثقلین اور ڈائریکٹر پریس انفارمیشن سلیم خان، کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ، سیکریٹری محمد رضوان بھٹی نے رفیق افغان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے کونسل کے سینئر رکن، ممتاز صحافی اور روزنامہ امت گروپ کے ایڈیٹر انچیف رفیق افغان کے انتقال پر گہرے دکھ اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ایک مشترکہ بیان میں سی پی این ای کے سینئر نائب صدر علی کاظم وحید، قائم مقام سیکریٹری جنرل عامر محمود، نائب صدور سردار خان نیازی، اکرام سہگل، ارشاد احمد عارف، انور ساجدی، ڈاکٹر حافظ ثنا اللہ خان، سابق سیکریٹری جنرل اعجازالحق ، ڈاکٹر جبار خٹک، جوائنٹ سیکریٹری غلام نبی چانڈیو، طاہر فاروق، عارف بلوچ، تنویر شوکت، شکیل احمد ترابی، فنانس سیکریٹری سید حامد حسین عابدی، انفارمیشن سیکریٹری عبدالرحمن منگریو سمیت تمام اراکین نے سی پی این ای کے سینئر رکن ممتاز صحافی اور روزنامہ امت گروپ کے ایڈیٹر انچیف جناب رفیق افغان کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی انھیں جوار رحمت میں جگہ اور سوگواران کو اس سانحہ پر صبرجمیل عطا فرمائے۔

سی پی این ای کے رہنماؤں نے اپنے تعزیتی بیان میںکہا ہے کہ رفیق افغان انسانی ہمدردی کے جذبے سے سرشار میڈیا کی آزادی اور فلاحی کاموں میں پیش پیش رہنے والے نڈر اور بہادر شخص تھے۔ انھوں نے صحافتی میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔ رفیق افغان کی وفات سے صحافی برادری انتہائی غمگین ہے۔

دریں اثنا مرکزی انجمن اخبار فروشاں کراچی کے تحت اخبار مارکیٹ میں رفیق افغان کے انتقال پر تعزیتی اجلاس ہوا جس رفیق افغان کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے مغفرت کی دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا گیا اجلاس میں مرکزی صدر اقبال نون، جنرل سیکریٹری عبدالحمید ڈاڈا، سینئر نائب صدر چوہدری نذیر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں