امریکی محکمہ دفاع کی عمارت کے باہر حملے میں ایک پولیس افسر ہلاک متعدد زخمی

حملہ آور کی شناخت 27 سالہ آسٹن ولیم لانز کے طور پر ہوئی ہے جسے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا ہے


ویب ڈیسک August 04, 2021
حملے کے بعد پینٹاگون کی عمارت کو بند کردیا گیا تھا فوٹو: انٹر نیٹ

امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کی عمارت کے باہر مشتبہ شخص کے حملے میں پولیس اہلکار ہلاک اور کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے نواحی علاقے آرلنگٹن میں واقع امریکی محکمہ دفاع کی عمارت 'پینٹاگون' کے باہر ایک بس اور سب وے اسٹیشن میں مشتبہ شخص کے حملے کے نتیجے میں ایک پولیس افسر ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

واقعے کے فوری بعد سب وے سروس کو عارضی طور پر معطل اور وہاں جانے والی بسوں کو دیگر مقامات کی طرف بھیج دیا گیا، جب کہ پینٹاگون میں کام بند کرکے وہاں موجود افراد کو ایک گھنٹے سے زائد وقت کے لیے ایک خاص جگہ پر پناہ لینے کا حکم دے دیا گیا۔

جائے وقوعہ کو کلیئر کرنے کے بعد پینٹاگون کی عمارت کی سیکیورٹی پر مامور 'پینٹاگون فورس پروٹیکشن ایجنسی' کے سربراہ ووڈرو کُس نے اپنے بیان میں کہا کہ جائے وقوعہ محفوظ ہے اور اب وہاں کوئی خطرہ نہیں ہے، فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی)معاملے پر تحقیقات میں مدد کر رہا ہے'۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ حملہ آور کی شناخت 27 سالہ آسٹن ولیم لانز کے طور پر ہوئی ہے۔ جس نے ہلاک ہونے والے افسر کی گردن پر چاقو سے حملہ کیا تھا۔ بعد ازاں وہاں موجود افسران نے فائرنگ کرکے مشتبہ حملہ آور کو بھی ہلاک کردیا۔

امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ حملے کے وقت وزیر دفاع لائڈ آسٹن عمارت میں نہیں تھے۔ وہ امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ایک میٹنگ میں تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں