شہبازشریف کوشش کررہے ہیں کہ نواز شریف کو سیدھا جیل نہ جانا پڑے شیخ رشید

شہباز شریف نے مفاہمت کی طرف ہی آنا ہے، وزیرداخلہ


ویب ڈیسک August 04, 2021
شہباز شریف نے مفاہمت کی طرف ہی آنا ہے، وزیرداخلہ۔ فوٹو:فائل

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کوشش کر رہے ہیں کہ نواز شریف کو ڈائریکٹ جیل نہ جانا پڑے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ خطے کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں، پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار شروع کردی گئی ہے، آنے والے پانچ سے چھ ماہ بہت اہم ہیں، وزیراعظم نے شاہ محمودقریشی کی زیرصدارت ایک کمیٹی بنادی ہے، اس وقت پاکستان میں جو بھی دہشتگردی ہو رہی ہے اس کا ذمہ دار ہٹلر مودی ہے، بھارت نے فیٹف سے ایک روز قبل لاہور میں دھماکے کروائے، فیٹف میں پاکستان کا کیس لڑ رہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ دونوں پارٹیوں میں مزاحمت اور مفاہمت کی لڑائیاں جاری ہیں، یہ لوگ صرف کیمرے کی سیاست کر رہے ہیں، ان کو مشورہ دوں گا پاکستان کی سیاست میں نئی سوچ آنے لگی ہے، عمران خان کہیں نہیں جارہے بلکہ وہ تمہاری سوچ سے زیادہ بڑی سیاست کرنے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت داخلہ میں بھی کرپٹ لوگوں کے خلاف جھاڑو پھیر دیں گے، کرپٹ لوگوں کو جیل کی ہوا کھلائی ہے لیکن عدالتی فیصلوں کی وجہ سے انہیں اندر نہیں کرسکے، میں نوازشریف کو لاسکتا ہوں نہ ہی الطاف حسین کو، شہبازشریف نے ای سی ایل سے نام نکالنے کی کوئی درخواست نہیں دی، شہباز شریف نے مفاہمت کی طرف ہی آنا ہے، وہ کوشش کر رہے ہیں کہ نواز شریف کو ڈائریکٹ جیل نہ جانا پڑے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کل پورے ملک میں یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا، اور صبح نو بجے ایک منٹ کیلئے ٹریفک روکی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔