افغان وزیر دفاع کے گھر پر خودکش حملے میں 4 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

طالبان کے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی وزیر دفاع کے گھر سے ٹکرا کر اڑادی


ویب ڈیسک August 04, 2021
طالبان کے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی وزیر دفاع کے گھر سے ٹکرا کر اڑادی

افغانستان میں وزیر دفاع بسم اللہ خان محمدی کے گھر پر خودکش حملے میں 4 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

رات گئے کابل کے سخت سیکیورٹی والے علاقے گرین ذون میں طالبان کے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی وزیر دفاع کے گھر سے ٹکرا کر اڑادی جس کے نتیجے میں ایک خوف ناک دھماکا ہوا جس سے پورا علاقہ لرز اٹھا اور خوف و ہراس پھیل گیا۔

afghan-blast

دھماکے کے بعد 5 طالبان جنگجو شدید فائرنگ کرتے ہوئے گھر میں داخل ہوگئے اور اندر ان کی سیکیورٹی فورسز سے شدید لڑائی ہوئی جو تین گھنٹے تک جاری رہی، جس میں 5 طالبان جنگجو اور 4 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: طالبان کا بدخشاں کے متعدد اضلاع پر قبضہ، افغان فوجی تاجکستان فرار

حملے کے وقت گھر پر ایک اہم اجلاس ہورہا تھا جس میں ارکان اسمبلی بھی شریک تھے، تاہم وزیر دفاع بسم اللہ خان محمدی ، ان کے اہل خانہ اور ارکان اسمبلی اس واقعے میں محفوظ رہے۔

کابل کے گرین ذون میں سرکاری عمارتیں اور غیر ملکی سفارت خانوں کے دفاتر ہیں۔ یہ کابل میں سال کا بڑا حملہ ہے جس کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ یہ کابل حکومت کی جانب سے ملک میں طالبان پر بمباری اور فضائی حملوں کے ردعمل کی ابتدا ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں طالبان تیزی سے پیش قدمی کررہے ہیں اور ایک ایک کرکے کئی اضلاع فتح کرتے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |