ضلع وسطی میں ڈاکوؤں کی فلمی انداز میں واردات کیشئر اور گارڈ جاں بحق

ہمیں واردات کے حوالے سے کچھ شواہد ملے ہیں، جلد ہی ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا، پولیس


ویب ڈیسک August 04, 2021
ہمیں واردات کے حوالے سے کچھ شواہد ملے ہیں، جلد ہی ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا، پولیس(فوٹو:فائل)

ڈسٹرکٹ سینٹرل میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے کیش وین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے لاکھوں روپے نقدی لوٹ لی، فائرنگ کے نتیجے میں کیشئر اور سیکیورٹی گارڈ جان بحق جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے بفرزون ڈی سی آفس کے عقب میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے منی ایکسچینج کی کیش وین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کیشئر 32 سالہ شہروز ولد علی نواز اور سیکیورٹی گارڈ 50 سالہ مقصود افغانی جاں بحق جب کہ ایک سیکیورٹی گارڈ امتیاز زخمی ہوگیا جب کہ وین ڈرائیور علی معجزانہ طور پر محفوظ رہا، موٹر سائیکل سوار ڈاکو کیش وین میں رکھا نقدی سے بھرا تھیلا چھین کر فرار ہونے میں کام یاب ہوگئے ، فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ موقع پر جمع ہوگئے اور فوری طور پر تیموریہ پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تیموریہ فرزاد پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے اور جاں بحق افراد اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد جمع کیے، فائرنگ سے کیش وین کا ونڈ اسکرین چکنا چور ہوگیا جب کہ گاڑی کے مختلف حصوں پر بھی گولیاں لگیں۔

جائے وقوعہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےایس ایس پی وسطی ملک مرتضیٰ تبسم نے بتایا کہ نجی بینک کے صارف عثمان نامی شخص نے گلیکسی ایکسچینج سے اپنے اکاؤنٹ میں 6 ہزار ڈالر منگوائے تھے، ڈالر جب بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے تو اس کے بدلے میں کیش وین پاکستانی کرنسی تقریباً 9 لاکھ 85 ہزار کے قریب نقدی لےکر جا رہی تھی کہ یہ واقعہ پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ڈاکوؤں نے کیش وین کو روکا اور فائرنگ کی، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 12 خول ملے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ قریبی کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی ہیں لیکن وہ واضح نہیں ہے تاہم ڈاکو لوٹ مار کے بعد جس راستے سے فرار ہوئے ہیں، پولیس ان راستوں پر لگے ہوئے کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر رہی ہے۔

واقعے کے عینی شاہد اور کیش وین کے ڈرائیور علی نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا ہے کہ ہم حیدری برانچ سے رقم لے کر گلستان جوہر کے لیے نکلے تھے ، بفرزون میں ایک شخص سے کوئی ڈیل کی پھر ہم آگے کی جانب نکل گئے اور تھوڑا ہی آگے ہی گئے تھے کہ بفرزون بریانی سینٹر کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان سامنے آئے اور انہوں نے کیش وین پر اندھا دھند فائرنگ کی اور گاڑی کے پیچھے رکھا ہوا نقدی کا تھیلا چھین کر فرار ہوگئے، ڈاکوؤں نے جاتے ہوئے بھی فائرنگ کی۔

فائرنگ کا نشانہ بننے والا گارڈ جو کہ آگے میرے ساتھ بیٹھا ہوا تھا وہ مجھ پر گر گیا گاڑی میں 2 سیکیورٹی گارڈ سمیت 4 افراد سوار تھے ، ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ پولیس کو واردات کے حوالے سے کچھ شواہد ملے ہیں جس پر پولیس کام کر رہی ہے اور جلد ہی ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں قانون گرفت میں لے لیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے