سندھ کابینہ سے سہیل سیال نثار کھوڑو ہری رام کو فارغ کرنے کا امکان

پیپلزپارٹی قیادت کی مشاورت سے سندھ کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ کیا جائے گا


ویب ڈیسک August 04, 2021
وزیراعلیٰ کے 5 معاونین خصوصی تعنیات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا . فوٹو : فائل

سندھ کابینہ سے سہیل انور سیال، نثار کھوڑو اور ہری رام کو فارغ کرنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، کابینہ میں شامل 3 وزراء اور ایک مشیر سے وزارت لیے جانے کا امکان ہے، سہیل انور سیال، نثار کھوڑو اور ہری رام کو سندھ کابینہ سے فارغ کرنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سعید غنی سے محکمہ تعلیم اور ناصر حسین شاہ سے اطلاعات کا قلمدان واپس لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، سردار شاہ کو ایک بار پھر وزیرتعلیم اور سعید غنی کو وزیر اطلاعات بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔ اسماعیل راہو سے زراعت اور تیمور تالپور سے انفارمیشن ٹیکنالاجی کا قلمدان واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ جام اکرام سے اینٹی کرپشن کا قلمدان واپس لیکر معاون خصوصی اور بنگل خان مہر کو اینٹی کرپشن کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ تنزیلہ قمبرانی کو وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی مقرر کیا جائے گا، ساجد جوکھیو کو وزیر سماجی بہبود جب کہ منظور وسان کو وزیراعلیٰ سندھ کا مشیر زراعت بنائے جانے کا امکان ہے۔

وزیر اسماعیل راہو کو یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اور محکمہ ماحولیات کا قلمدان دیے جانےکا فیصلہ کیا جارہا ہے، مکیش کمار کو خوراک اور گیان چند کو اقلیتی امور کا قلمدان دیا جائے گا جب کہ تیمور تالپور کو جنگلات کا قلمدان سونپا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کے 5 معاونین خصوصی تعنیات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، ریاض شیرازی، رسول بخش چانڈیو، ارباب لطف اللہ کو وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی بنایا جائے گا، لیاقت آسکانی ایاز مہر کو بھی سندھ کابینہ میں نمائندگی دی جائے گی، پیپلزپارٹی قیادت کی مشاورت سے سندھ کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

 

 

 

 

 

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔