سلمان خان کے ساتھ کام کرکے خود کو ہواؤں میں اڑتا محسوس کررہی ہوں ڈیزی شاہ

سلمان خان کے ساتھ پہلی ہندی فلم میں ہیروئن آنا خوش قسمتی ہے وہ واقعی لاجواب شخصیت ہیں، ڈیزی شاہ

ڈیزی شاہ نے معروف کوریوگرافر گنیش اچاریہ کے ساتھ تین سال تک بطور اسسٹنٹ کوریوگرافر کام کیا، فوٹو: فائل

ملیالم اور کناڈا فلموں کی اداکارہ ڈیزی شاہ کو سلمان خان کا ساتھ راس آ گیا، ان کی فلم ''جے ہو'' نے ابتدائی دو روز میں ہی باکس آفس پر رنگ جما دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیزی شاہ جنہوں نے معروف کوریوگرافر گنیش اچاریہ کے ساتھ تین سال تک بطور اسسٹنٹ کوریوگرافر کام کیا، اس کے بعد فلموں میں آئٹم نمبرز کرنے لگیں انھوں نے پہلا آئٹم نمبر 2010ء میں کناڈا فلم ''وندے ماترم '' کے لیے کیا، جس کے بعد تامل سپرہٹ فلم ''باڈی گارڈ'' کا کناڈا ری میک فلم میں سائوتھ ہیرو جگیش کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا، یہ فلم 2011ء میں ریلیز ہوئی، اسی سال مزید دو کناڈا فلمیں کیں، 2013ء میں مہیش بھٹ پروڈکشن کے بنیر تلے بننے والی فلم ''بلڈی عشق'' میں مہمان اداکارہ کے طور پر پردہ اسکرین پر آئیں۔ یہ ان کا کسی بھی ہندی فلم میں کام کرنے کا پہلا تجربہ تھا۔ ڈیزی شاہ کی یہ انٹری بالی ووڈ کے ہارٹ فیورٹ اداکار سلمان خان کو بھا گئی جنہوں نے اسے دیکھتے ہی ہوم پروڈکشن ''جے ہو'' میں اپنے مقابل ہیروئن لینے کا فیصلہ کر لیا۔ ڈیزی شاہ کو جب اس حوالے سے بتایا گیا کہ وہ سلمان خان کے مقابل فلم کرنے جا رہی ہیں تو اس کے لیے یہ خبر کسی جیک پاٹ سے کم نہیں تھی۔

اس بارے میں ڈیزی شاہ نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ سلمان خان جیسے میگا اسٹار کے ساتھ بالی ووڈ کی پہلی فلم میں ہیروئن آ جانا ہی اپنی خوش قسمتی سمجھتی ہوں، وہ جہاں ایک بڑے اسٹار ہیں وہیں عام زندگی میں ہنس مکھ، ملنسار اور ماحول کو اپنے رنگ میں رنگنے والے ہیں، فلم کی شوٹنگ شروع ہونے کا بے چینی سے انتظار کر رہی تھی اور سوچ رہی تھی کہ سلمان خان جیسے اسٹار کے ساتھ کیسے کام کر پائونگی، جیسے ہی ڈائریکٹر نے سلمان خان کے ساتھ سین عکسبند کروانے کے لیے کیمرے کے سامنے آنے کا کہا تو میں گھبرا رہی تھی، یہ صورتحال دیکھتے ہی سلمان خان میرے قریب آئے اور کہا کہ بس تم وہی کرو جو ڈائریکٹر کہہ رہا ہے یہ بھول جائو کہ تمہارے سامنے کون ہے، ان کے انھی الفاظ نے میرا سارا خوف ختم کر دیا اور پھر فلم کے کیمرہ کلوز ہونے تک سلمان خان کے ساتھ کام کو انجوائے کیا، وہ واقعی لاجواب شخصیت ہیں جس سے ایک بار ملنے والا دوبارہ ملنے کی خواہش رکھتا ہے، سلمان خان کے ساتھ ہیروئن کے طور پر ہندی فلم سے کیرئیر کا آغاز کرنا ہی میرے لیے بہت بڑی کامیابی ہے، عکسبندی کے دوران میڈیا سے یہی کہا کہ یہ میرے فلمی کیرئیر کا عروج ہے جس سے طویل عرصہ تک انجوائے کرونگی ۔




ڈیزی شاہ نے کہا کہ سلمان خان کی ذاتی زندگی سے مجھے کوئی دلچسپی نہیں ہے کہ ان کے ماضی میں کون رہا اور مستقبل میں کون ہے، وہ میرے محسن ہیں جنہوں نے مجھے اتنا بڑا موقع دیا ہے۔ تامل، ملیالم ، تیلگو، کناڈا سمیت دیگر علاقائی فلموں میں کام کرنیوالے سب فنکاروں کی منزل بالی ووڈ ہی ہوتی ہے، اس لیے بالی ووڈ کا حصہ بن کر خود کو آسمانوں میں اڑتا محسوس کر رہی ہوں۔ فلم نے جس طرح سے ابتدائی دنوں میں باکس آفس پر فلم بینوں کی توجہ حاصل کر لی ہے اس سے یہ بات تو واضح ہو گئی ہے کہ سلمان خان کا فلم میں ہونا ہی اس کی کامیابی کی ضمانت ہے، فلم بین انھیں پردہ اسکرین پر ہر انداز میں دیکھنے کے خواہاں ہیں، پھر ان کے ساتھ مجھ جیسی نئی اداکارہ کو بھی اچھا رسپانس مل جاتا ہے، فلم بینوں نے سلمان خان کے ساتھ میری پرفارمنس کو بھی سراہا ہے جس کا کریڈٹ سلمان خان ان کے بھائی سہیل خان سمیت پوری ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے ہر قدم پر حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی ہے۔

ڈیزی شاہ نے کہا پہلی ہندی فلم کی کامیابی نے میرے لیے بالی ووڈ کے دروازے کھول دیے ہیں، مگر میں سوچ سمجھ کر ہی پراجیکٹ سائن کرونگی کیونکہ بعض اوقات انسان کامیابی سے سفر شروع کرکے بعد میں چند غلط فیصلوں کے باعث منظر عام سے غائب ہو جاتا ہے، میں ایسا نہیں کرونگی کیونکہ میں تعداد کی بجائے کوالٹی کو برقرار رکھنا چاہ رہی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ سال رواں میں میرے پاس بالی ووڈ کی بڑے بنیرز کی آفرز ہیں جن کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے اور ان میں سے وہی فلمیں سائن کرونگی جن میں مجھے لگے گا کہ یہ بہتر ہے۔ ڈیزی شاہ نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ سلمان خان کے ساتھ آئندہ بھی فلمیں کروں،کیونکہ وہ میرے محسن ہیں اوران کے ساتھ مزید فلموں میں ہیروئن بننا اپنا اعزاز سمجھونگی۔
Load Next Story