خیبرپختونخوا میں کورونا کے وار میں تیزی پر ویکسینیشن کے یومیہ ہدف میں بھی اضافہ

خیبرپختونخوا میں اب تک 65 لاکھ 12 ہزار 990 افراد کی ویکسینشن کی جاچکی ہے، ڈی جی ہیلتھ


شاہدہ پروین August 05, 2021
خیبرپختونخوا میں کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 5۔5 فیصد ہوگئی ہے فوٹو: فائل

 

خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے وار میں تیزی آنے پر ویکسینیشن کے یومیہ ہدف میں بھی اضافہ کردیا ہے۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 5۔5 فیصد ہوگئی ہے۔ صوبے کے 3 اضلاع میں 10 جبکہ 2 اضلاع میں یومیہ مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔ ضلع تورغر میں ریکارڈ 50 فیصد مثبت کیسز رپورٹ کیا گیا ہے۔ اپر چترال میں بھی 23 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔کرم. پشاور اور مردان میں بھی کیسز کی شرح زیادہ ہوگئی ہے۔ مردان میں 13، کرک میں 14 جبکہ پشاور میں 15 فیصد شرح سامنے آئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے صوبے کے 8 اضلاع میں کوئی کیسز رپورٹ نہیں ہوا۔

صوبے میں مثبت کیسز کی شرح میں اضافے کے بعد یومیہ کورونا ویکسینیشن کے ہدف میں بھی بہتری لائی جارہی ہے۔ ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر نیاز محمد کے مطابق صوبے میں کورونا ویکسینیشن کا یومیہ ہدف 86 ہزار مقرر کیا گیا تھا تاہم اس ہدف سے زائد ویکسینیشن کی جارہی ہے۔ گزشتہ روز میں سب سے زیادہ 1 لاکھ 40 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے۔

ڈی جی ہیلتھ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں اب تک 65 لاکھ 12 ہزار 990 افراد کی ویکسینشن کی جاچکی ہے۔ اس سلسلے میں 49 موبائل ویکسینیشن وین سمیت صوبے میں 878 سنٹرز قائم ہیں جبکہ 34 ماس ویکسینیشن سینٹرز بھی فعال ہیں۔ صوبے کے 5 اضلاع میں گھر گھر جاکرکورونا ویکسینیشن کی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں